پاکستان، بھارت وزرائے اعظم ملاقات اگلے ماہ نیویارک میں ہوگی

نئی دہلی/ اسلام آباد (اے این این) پاکستان اوربھارت کے وزرائے اعظم کے درمیان آئندہ ماہ نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پراہم ملاقات ہوگی جس میں مسئلہ کشمیر،دہشت گردی،آبی تنازعہ، باہمی اعتمادسازی کے اقدامات اوردوطرفہ تعلقات پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا جائےگا۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان بھی نیویارک میں ملاقات متوقع ہے۔ بھارتی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ستمبر کے تیسرے ہفتے نیویارک میں ہوگا۔ جنرل اسمبلی کا وہ خاص اجلاس ہوگا جس میں رکن ممالک کے سربراہان حکومت و مملکت شرکت کرتے ہیں۔ جنرل اسمبلی کا یہ اجلا س ایک نئی تاریخ رقم کرسکتا ہے کیونکہ اس دوران فلسطین کو آزاد و خودمختار ملک کے طور پر منظوری ملنے کا قوی امکان ہے کیونکہ اجلاس میں اس حوالے سے ایک قرار داد پیش کی جائےگی۔ وزرائے اعظم کے درمیان متوقع ملاقات کا ایجنڈا مرتب کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کی خارجہ وزارتوں کے حکام کے مابین قریبی رابطہ قائم ہے۔ پاکستان بھارت تعلقات کے حوالے سے یہ ملاقات اہم قرار دی جا رہی ہے۔
وزراءاعظم/ ملاقات