عوام شیر، قیادت گیدڑوں کے ہاتھ میں ہے، نظریہ پاکستان کے خلاف بات کرنے والوں سے کھلی جنگ ہے، قوم کی نظریں عدالت پر ہیں، انصاف کیا جائے: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملک کی خارجہ پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے ہم ”ظالم سٹیٹس کو“ کے خلاف جہاد اور بغاوت کا اعلان کرتے ہیں،آمریت کے حامی نام نہاد جمہوریت پسندوں ،مخصوص طبقے نے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے،پانامہ لیکس خیانت کی کہانی، حکومت کے گلے میں زنجیر ہے، حکومت کو توبہ کر لینی چاہےے، نظریہ پاکستان کے خلاف بات کرنے والوں سے کھلی جنگ ہے، ملک میں آئے روز سیاسی بحرانوں سے بچنے، جمہوریت کے استحکام کیلئے اسمبلی کی مدت 4 سال کی جائے، سندھ کی طرح ملک بھر میں شراب کی فروخت پر فوری طور پر پابندی لگائی جائے، کیا سندھ ،خیبر پی کے اوربلوچستان پاکستان کا حصہ نہیں، اگریہاں ترقی نہیں ہوئی تواس میں کس کا قصور ہے؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں جماعت اسلامی کے دوروزہ اجتماع عام سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے سٹیٹس کو اوراسکے حامیوں کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔اجتماع سے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ مشتاق احمد خان نے بھی خطا ب کیا ۔اجتماع میں 50 ہزار سے زائد خواتین سمیت جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عوام نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کی ۔ سراج الحق نے کہا ابھی تک ملک کا کوئی وزیر خارجہ نہیں ۔ آرمی چیف سمیت جرنیلوں کے اجلاس میں متنازع خبر پر تحفظات کا اظہار کیا گیا، خبر لیک ہونے پر حکومت کا کردار مشکوک ہوگیا ہے ، حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔ پانامہ لیکس شرم ناک معاملہ ہے جو حکمرانوں کے گلے کی زنجیر بن چکا ہے۔ حکمران توبہ و استغفار کرکے خود کو احتساب کے لئے پیش کریں ، وزیر خزانہ نے ریکارڈ قرض لے کر بہترین وزیر خزانہ کا اعزاز پایا لیکن ہماری آئندہ نسلوں پر قرضو ں کاکوہ ہمالیہ لاد دیا۔ جو لوگ نظریہ پاکستان سے غداری کررہے ہیں ان کے ساتھ ہماری کھلی جنگ ہے۔ اس ٹولے نے ملک کو یرغمال بناکر قوم کا مستقبل تاریک کرنے کی کوشش کی۔ ملک میں عدالتی نظام مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے، عدالت کے دروازے سونے کی چابی سے کھلتے ہیں۔ لبرل پاکستان کی باتیں کرنا نظریہ پاکستان ، قائد اعظم اور شہداءکی روحوں سے غداری ہے۔ خیبر پی کے کی صوبائی حکومت نئے سال میں دینیات کے معلمین کی تعیناتی کے لئے بجٹ مختص کرے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق صوبہ بھر میں اردو زبان کو رائج کیا جائے۔ خیبر پی کے میں ترقی کے کام نہ ہونے کا طعنہ دینے والے دراصل خود مجرم ہیں، پوری قوم لٹیروں کے احتساب کیلئے اٹھ کھڑی ہو۔ ملک میں بندوق سے نہیں عوام کی طاقت اور ووٹ کے ذریعے تبدیلی لائیں گے۔انہوں نے کہا قائد اعظم نے مختلف مواقع پر 114بار کہا پاکستان کا دستورر قرآن و سنت ہوگا۔ لاکھوں مسلمانوں نے قیام پاکستان کے لئے قربانیاں دیں، لیکن70سال سے کرپٹ ٹولے نے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ یہ اشرافیہ میر جعفر اور میر صادق کے ٹولے سے تعلق رکھتی ہے ،جس نے قوم کا مستقبل تاریک کردیا ہے۔ ایک پاکستانی کے علاج کے لئے سالانہ صرف 111روپے رکھے گئے ہیں، ان سے روزانہ کئی گنا زیادہ امراءکے کتوں پر خرچ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا اس ٹولے نے جمہوریت کو بھی یرغمال بنایا ہوا ہے۔ اس وقت ملک میں فراڈ جمہوریت ہے، جب تک آزاد الیکشن کمیشن نہیں ہوگا تمام انتخابات متنازعہ ہوں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا الیکشن کمیشن کو مکمل آزاد کرکے اسے مالی خود مختاری دی جائے اور انتخابی اصلاحات کی جائیں، سیاسی جماعتوں کے اندر باقاعدہ انتخابات کرائے جائیں، جو جماعتیں اپنی پارٹیوں کے اندر جمہوریت نہیں لاسکتیں وہ ملک میں کیا جمہوریت لائیں گی، سندھ کے لوگوں نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا لیکن اس وقت سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے،اسی طرح صوبہ بلوچستان اور خیبر پی کے کوترقی سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو ناقص حکومت کا تحفہ دیا گیا ہے۔ ٹوٹی سڑکیں ، غربت ، بے روزگاری اور جہالت کا ملک پر راج ہے۔ حکمران کشمیر کی صورتحال پر مکمل خاموش ہیں، جو حکومت کبوتروں سے ڈرتی ہے ہمارے حکمران اس حکومت سے بھی ڈرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام شیر ہیں لیکن قیادت گیدڑوں کے ہاتھ میں ہے۔ انہوںنے کہا اس وقت قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہیں، عدالت نظریہ ضرورت کا سہارا نہ لے ، بلکہ انصاف کرے، اس بار بھی انصاف نہ ہوا تو عوام خود اٹھیں گے اور ملک میں خون خرابہ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت آئی تو خواتین کو برابر کے حقوق ملیں گے، علماءکو سرکاری خزانے سے تنخواہیں دیں گے،ملازمت نہ ملنے تک نوجوانوں کو بے روزگاری الاو¿نس دیا جائے گا، پاکستان کے تمام مسائل کا حل اسلامی پاکستان میں ہے، پاکستان میں ہر نظام آزمایا جاچکا ہے، لیکن اب اسلام کی باری ہے، اسلامی نظام بندوق کے زور پر نہیں عوام کی طاقت اور ووٹ سے نافذکریںگے،اس عظیم مقصد کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں