مسلم لیگ ن سے جمہوریت پسندی کا سرٹیفکیٹ نہیں لینا نواز شریف سے جب ہاتھ ملایا انہوں نے دھوکہ دیا نواز شریف اپنا بویا کاٹ رہے ہیں، ہم سے کیا گلہ : بلاول بھٹو
اسلام آباد / لاہور (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ + خصوصی رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور نے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میاں صاحب اپنا ماضی دیکھیں پھر ہم سے گلہ کریں۔ نواز شریف اپنا بویا کاٹ رہے ہیں، ہم سے کیا گلہ۔ نواز شریف سے جب ہاتھ ملایا انہوں نے دھوکہ دیا۔ میاں صاحب نے افتخار چودھری کی محبت میں میثاق جمہوریت توڑ دیا تھا۔ نواز شریف نے ہمیشہ ہماری جمہوریت پسندی کو استعمال کیا۔ ہمیں مسلم لیگ ن سے جمہوریت پسندی کا سرٹیفکیٹ نہیں لینا۔ دریں اثناءترجمان پیپلز پارٹی چودھری منظور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ نواز شریف اپنی اداﺅں پر غور کریں۔ عدالتوں سے لڑنے کی بجائے عدالتوں میں مقدمے لڑیں۔ پی پی نے جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں جن کے پاس اپنے دفاع میں کچھ نہ ہو، وہ الزام لگاتے ہیں۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے تمام پارٹی عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پارٹی کے 50 ویں یوم تاسیس پر اپنے اپنے گھروں پر پارٹی پرچم لہرائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے پروگراموں میں جیالے بھرپور شرکت کریں۔ دریں اثناءبلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی اوورسیز برطانیہ کے عہدیداروں کا تقرر کیا۔ صدر محسن باری سینئر نائب صدر راجا امجد‘ جنرل سیکرٹری اظہر بریلوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل راجا فضل الرحمان‘ سیکرٹری اطلاعات زاہد مغل ہوں گے۔ پی پی پی لندن کے صدر میاں محمد سلیم ہوں گے۔مزید برآں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں اور اقتدار کے بھوکے سیاستدانوں کی عوامی مسائل پر ذرا بھی توجہ نہیں،پچاس سال پہلے کے حالات اور آج کے حالات میں کوئی خاص فرق نہیں،اس وقت ایک آمر مسلط تھا اور اِس وقت ایک نام نہاد منتخب حکومت ہے، ہم آج بھی اپنے نظریے پر قائم ہیں، پیپلز پارٹی ترقی پسند سیاست کی امین ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ہولوگرام کے ذریعے گجر خان میں دو مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ دی، ملکی دولت چند خاندانوں تک محدود ہو چکی ہے۔ وہ ملک ترقی کیسے کرے گا جہاں معاشی ناانصافی و یکساں مواقع نہ ہوں۔
بلاول بھٹو