اگر 2018میں عوام نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا تو پاکستان کو دنیا کا عظیم اور طاقتور ملک بنادیں گے: وزیراعلی پنجاب, لیہ میں یونیورسٹی اور ٹیکنیکل کالج کے قیام کا اعلان
وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے لیہ میں یونیورسٹی اور ٹیکنیکل کالج کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کیلئے معیار قائم کئے ہیں ۔ جھوٹ اور بہتان لگانے والوں کو عوام آئندہ انتخابات میں مسترد کردیں گے ۔ آصف زرداری نے سندھ میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ان کا کرپشن پر بات کرنا قیامت کی نشانی ہے۔ جو شخص 24 گھنٹے جھوٹ بولتا ہو کیا وہ عوام کے ووٹ کا حقدار ہے. عمران خان نے کہا تھا کہ شہباز شریف کی طرح جنگلا بس نہیں بناوں گا بلکہ پیسہ تعلیم اور اسپتالوں پر لگاوں گا۔لیہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ لیہ میں موبائل ہیلتھ یونٹ کا افتتاح میرے لیے باعث مسرت ہے ۔ آج میں آپ کو اس بات کی مبارکباد پیش کرنے آیا ہوں کہ لیہ میں پاکستان کی تاریخ کے 70سال بعد لیہ کے ہسپتال میں سٹی سکین میشن کام کررہی ہے اور مریضوں کا مفت سکین ہورہا ہے, آج لیہ کیلئے موبائل ہسپتال آپ کے حوالے کیا جارہا ہے تاکہ لیہ کے عوام دور دراز علاقوں میں علاج کراسکیں, یہ موبائل ہسپتال دور دراز علاقوں میں جائے گا۔ یہ وہ کام ہیں جو کئی دہائیوں پہلے ہونے چاہیں تھے سٹی سکین مشین 24گھنٹے چلے گی اور علاج مفت ہوگا۔ آج طبی سہولتوں کے حوالے سے لاہور لیہ, ملتان ،سرگودھا میں کوئی فرق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ساڑھے چار سالوں میں 5ارب کی سڑکیں بنی ہیں میرا آپ سے 2013میں وعدہ تھا کہ اگر ن لیگ کو ووٹ دو گے تو آپ کی تقدیر بدلے گی ۔ اگر 2018میں بھی ن لیگ کو ووٹ دیں گے تو میرا آپ سے وعدہ ہے کہ لیہ کو ملتان اور سرگودھا بنادیں گے ۔ ہم نے کھاد کی قیمت آدھی کی کسانوں کو اربوں روپے کی سبسڈی دی پہلی مرتبہ چھوٹے کسان کو بغیر سود کے قرضے دیئے جارہے ہیں ۔ غریب بچوں اور بچیوں کو اربوں روپے کے وظیفے مل رہے ہیں ۔ اس وقت پورے پنجاب میں بچے اور بچیاں ڈاکٹر انجیئنر اور استاد بن رہے ہیں, لاکھوں استادوں کو میرٹ پر بھرتی کیا گیا, میں نے پچھلے سال کہا تھا کہ ہسپتالوں میں وہ دوائی ہوجو وزیراعظم امیر اور غریب بھی کھاسکے ۔ لیہ ہسپتالوں میں اسی معیار کی دوائیاں موجود ہیں ۔ عمران خان جو دن رات جھوٹ بولتا ہے کے پی کے میں کیا کچھ نہیں, جب ڈینگی آیا تو نتھیاگلی کے پہاڑوں پر چڑھ گیا ۔ جب لاہور میں ڈینگی آیا تو اس نے مذاق کیا اور کہا کہ یہ ڈینگی برادران ہیں, جب پشاور میں ڈینگی آیاتو ہم نے ڈاکٹر ،نرسیں بھی بھیجے دوائیاں بھی بھیجیں ,جو شخص دن رات جھوٹ بولتا ہو وہ آپ کے ووٹ کا حق دار نہیں ۔ جس نے 2013میں کہا تھا کہ میں پورے پاکستان میں بجلی لائوں گاوہ کے پی کے میں ایک کلوواٹ بجلی نہیں لایا ۔ کیا وہ آپ کے ووٹ کا حقدار ہے ۔ کے پی کے میں نہ اس نے ہسپتال نہ میٹرو بس بنائی ہم نے ملتان میں میٹروبس چلائی ،لودھراں میں سپیڈوں بس چلائی ۔ آپ کی دعائوں سے آئندہ اقتدار میں آئے تو لیہ میں بھی سپیڈو بس لے کر آئیں گے ۔ آصف علی زرداری کہتے ہیں میں شریف برادران کی کرپشن کا حساب لینے آیا ہوں ,خداکی قدرت کون کیا کہہ رہا ہے جو خود سر سے پائوں تک خود کرپشن میں ڈوبا ہوا ,جو کرپشن کا ایک معمار ہواگر وہ کہے کہ میں کرپشن کا حساب لینے آیا ہوں تو پھر قیامت آگئی ہے نہیں ؟زرداری اور اس کی ٹیم نے سندھ میں کچھ نہیں کیا ماسوائے وہاں کرپشن کے انبار لگادیئے, لاڑکانہ میں بھٹو کے گھر کیلئے پچھلے25سے 30سالوں میں اربوں روپے فنڈ دیئے مگر ایک پیسہ وہاں گیا ہوا نظر نہیں آتا ,وہاں نہ سڑکیں نہ ہسپتال اور نہ سکول ہیں ۔ ہم نے پنجاب میں عوام کی خدمت کی ہے ممکن ہے کوئی کسر رہ گئی ہو ,میں قسم کھا کر کہتا ہوں ایک ایک پیسے کوامانت سمجھ کر آپ کی خدمت کی ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ کہ اگر آپ نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو موبائل ہسپتال چوک اعظم کیلئے ہوگا۔ لیہ تحصیل کیلئے ہوگا ہم نے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور کئے, بجلی کے منصوبے نوازشریف نے بنائے اور اس خادم نے آپ کی خدمت کی ہے ۔ یہ منصوبے دس پندرہ سال لگنے والے منصوبوں کے مقابلے میں آدھی قیمت پر لگے ہیں ۔ اگر 2018میں آپ نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا تو میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں پاکستان کو دنیا کا عظیم اور طاقتور ملک بنادیں گے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ چوک اعظم سے لیہ تک دور رویہ سڑک کا پہلا فیز جون 2018تک مکمل ہوجائے. اس موقع پر وزیراعلی نے لیہ کیلئے یونیورسٹی کے قیام اور ٹیکنیکل کالج کو یونیورسٹی کا حصہ بنانے کا اعلان کیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر آئندہ موقع ملا تو پاکستان کو فلاحی ریاست او رقائد اعظم ،علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر دم لیں گے ۔ مجھے علم ہے یہاں پر گنے کی شکایت ہے گنے کی ملوں کے مالکان بندے کے بچے بن جائیں ورنہ میں ان کو گرفتار کراکر جیلوں میں بھجوا دوں گا۔ پچھلے 72گھنٹوں میں بھی کئی منیجر جیلوں میں گئے ,اس میں میرے عزیز کی مل بھی ہے مگر مجھے رشتہ داری کی نہیں غریب کسان کی پرواہ ہے ۔ اس کیلئے مجھے آخری حدتک بھی جانا پڑا جائوں گااور کسان کو اس کا حق دلوائوں گا۔ وزیراعلی نے کہا کہ لیہ شہر میں 30کروڑ کا سیوریج بچھ رہا ہے, لیہ چوک اعظم اور چوبارہ کو ماڈل سٹی بنانے کیلئے 30-30کروڑ روپے کا اعلان کرتا ہوں ۔وزیراعلی نے اس سے قبل اربوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا ۔