گستاخانہ خاکوں کیخلاف مظاہرے جاری‘ کراچی میں ریلی‘ آج یوم احتجاج منایا جائیگا

 گستاخانہ خاکوں کیخلاف مظاہرے جاری‘ کراچی میں ریلی‘ آج یوم احتجاج منایا جائیگا

لاہور + کراچی + کوئٹہ (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر گزشتہ روز بھی لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ جبکہ دینی جماعتیں آج ملک بھر میں یوم احتجاج منائیں گی اور ریلیاں نکالیں گی۔ کراچی میں دینی جماعتوں نے گستاخانہ خاکوں کیخلاف ریلی نکالی۔ ریلی نمائش چورنگی سے تبت سنٹر تک نکالی گئی۔ تنظیمات اہلسنّت کے تحت تبت سنٹر پر احتجاج کیا گیا۔ ثروت اعجاز قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلمان گستاخانہ خاکوں پر شدید غصے میں ہیں۔ حکومت فرانس سے تعلقات ختم کرے۔ علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے آج ملک گیر یوم احتجاج میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ہے۔ ادھر تحریک انجمن طلبا اسلام پاکستان کے رہنما چودھری محمد ثاقب افتخار نے اعلان کیا ہے کہ آج طلباء تنظیمیں پرامن احتجاج میں بھرپور حصہ لیں گی۔ علاوہ ازیں لاہور میں ورلڈ پاسبان ختم نبوت اور الامہ لائرز فورم کے علماء اور وکلاء نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر جی پی او چوک مال روڈ پر ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا اور فرانسیسی پرچم نذر آتش کیا۔ مقررین نے کہا کہ گستاخانہ خاکے مختلف تہذیبوں میں ٹکرائو پیدا کرنیکی سازش ہے۔ علاوہ ازیں امیر جمعیت علماء اسلام مولانا سمیع الحق نے علماء و خطباء دینی تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج جمعہ کو یوم احتجاج کے طور پر منائیں۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں ہمیں جان بوجھ کر ہشت گردی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر آج (جمعہ 23 جنوری) ملک بھر میں ’’یوم مذمت‘‘ منایا جائے گا۔ یہ بات حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ علاوہ ازیں جے یو آئی ف کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر آج ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائیگا۔ اس موقع پر ملک گیر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اہلسنّت و الجماعت آج ملک گیر یوم عشق رسول منائے گی۔ احتجاجی مظاہرہ ہونگے اور ریلیاں نکالی جائینگی۔ علاوہ ازیں تحریک حرمت رسولؐ، جماعۃ الدعوۃ اور دیگر جماعتوں کی اپیل پر آج پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔ پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، ریلیاں نکالی جائیں گی اور حرمت رسولؐ مارچ کئے جائیں گے۔ دریں اثناء تحریک حرمت رسولؐ، جماعۃ الدعوۃ اور دیگر تنظیموںکی طرف سے امریکہ میں بننے والی گستاخانہ فلم کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ لاہور کے جی پی او چوک میں وکلائ، سول سوسائٹی اور سماجی کارکنوں کا فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت کے خلاف زبر دست مظاہرہ کیا گیا۔ شرکاء نے فرانسیسی حکومت، یورپی ممالک اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ علاوہ ازیں جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی کی اپیل پر آج جمعۃ المبارک کو گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملک بھر میں یوم عظمت رسول منایا جائے گا۔ جے یو پی کی تنظیمیں مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالیں گی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف گوجرانوالہ میڈیکل ایسوسی ایشن، پیرامیڈیکل سٹاف اور انجمن طلبہ اسلام کے کارکنوں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں جس میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔