ترقی اور خوشحالی کا تعلق امن سے جڑا ہے‘ تمام دہشت گرد برے ہیں: شہباز شریف

ترقی اور خوشحالی کا تعلق امن سے جڑا ہے‘ تمام دہشت گرد برے ہیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جتنی قربانیاں پاکستان نے دی ہیں اس کی مثال اقوام عالم کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ اس جنگ میں50 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کی ہیں۔ پاک افواج کے افسروں، جوانوں، پولیس افسروں، اہلکاروں اور شہریوں نے اپنا خون دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، پوری قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔  شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار  گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وحشی درندوں نے پشاور کے سکول میں معصوم بچوں کو شہید کرکے بربریت کا گھنائونا کھیل کھیلا۔ دہشت گردوں کا کوئی دین ہے نہ مذہب، یہ انسان بھی کہلانے کے حقدار نہیں۔  ملک کی ترقی اور خوشحالی کا براہ راست تعلق قیام امن سے جڑا ہوا ہے۔ امن ہوگا تو سرمایہ کاری ہوگی، معیشت ترقی کرے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔  امن دشمنوں کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے صفحہ ہستی سے مٹانے کا وقت آن پہنچا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف قوم میں اتحاد اور اتفاق کا مثالی مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف متفقہ قومی ایکشن پلان 18 کروڑ عوام کی آواز ہے۔ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔  وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور قومی قیادت نے اتفاق رائے سے دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے جرأتمندانہ فیصلے کئے ہیں۔ تمام دہشت گرد برے ہیں، اچھے یا برے کی کوئی تفریق نہیں ہے۔ ہمارے معصوم بچوں کو شہید کرنے والے درندے عبرتناک انجام سے نہیں بچ پائیں گے۔  علاوہ ازیں شہباز شریف  نے ایم پی اے ماجد ظہور  کی خوشدامن  کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔