”ماہ مقدس میں ضرورت مندوں اور سوات‘ مالاکنڈ کے بھائی بہنوں کو یاد رکھا جائے“

اسلام آباد + لاہور (اے پی پی + خبر نگار خصوصی) صدر آصف زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دی ہے‘ صدر زرداری نے اسلام کے حقیقی تشخص اور اعلیٰ تعلیمات کو سمجھنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام میں شدت پسندی‘ انتہا پسندی اور تنگ نظری کی بجائے میانہ روی اور کشادہ ظرفی کا درس دیا گیا ہے۔ ایسے وقت میں جب ہم اس ماہ مقدس کے فیوض و برکات سے بہرہ ور ہو رہے ہیں ہمیں سوات اور مالاکنڈ کے بھائی بہنوں کو بھی ضرور یاد رکھنا چاہئے جو اس وقت مشکلات سے دوچار ہیں‘ ہمیں ضرورت مندوں کو بھی نہیں بھولنا چاہئے جو ہماری مدد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے یہ بات ماہ رمضان المبارک 1430ھ کے آغاز پر قوم کے نام پیغام میں کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ روزوں کو ان کے صحیح آداب کے ساتھ رکھیں تاکہ اس کے فوائد و برکات سے متمتع ہو سکیں۔ ہماری خواہش ہے کہ اللہ تعالی موجودہ جمہوری حکومت کو، وطن عزیز کو درپیش مسائل سے حکمت و دانش اور عوامی خواہشات کے مطابق عہدہ برآ ہوتے ہوئے کامیاب و کامران کرے اور پاکستان اور امت مسلمہ کو اپنی رحمتوں اور برکتوں سے نوازے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رمضان المبارک کی آمد پر قوم کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ یہ ماہ مقدس ہمیں اللہ تعالیٰ کی رحمتیں سمیٹنے کا ایک نادر موقع فراہم کرتا ہے‘ جہاں ہم اپنی آخرت کو سنوارنے کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں وہاں اس پاک وطن کی سلامتی و خوشحالی کے لئے بھی دعائیں ضرور مانگیں‘ ہم اپنے تمام اختلافات بھلا کر اس کی دن دگنی رات چوگنی ترقی کے لئے کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھیں۔