عسکریت پسندوں کے خلاف فورسز کی قربانیاں فراموش نہیں کرنی چاہئیں: صدر، وزیراعظم

اسلام آباد (اے پی پی) صدر اور وزیر اعظم نے عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید کے دن ہمیں عسکریت پسندوں کے خلاف جنگ میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پاک فوج اور سیکورٹی اداروں کے افراد اور عام شہریوں کو نہیں بھولنا چاہئے۔عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ اس سال عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ سوات اور مالاکنڈ کے نقل مکانی کرنے والے لاکھوں لوگوں کو بھی نہیں بھولنا چاہئے ،جنہوں نے عسکریت پسندوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کی۔ انہوں نے ضرورت مند اور نادار افراد کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے کوششوں کو دوگنا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے جس نے ہمیں ایک بار پھر رمضان المبارک کی سعادت حاصل کرنے اور عیدالفطر کی خوشیاں منانے کا موقع عطا فرمایا۔