پاکستان‘ چین آئرن برادر‘ ترقی کیلئے دونوں پرامن پڑوس کا ویژن رکھتے ہیں: شاہد خاقان
اسلام آباد +کوئٹہ(نمائندہ خصوصی+ بیورو رپورٹ+ این این آئی) چین کے نائب وزیر خارجہ کانگ ژوان ژو نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ انہوں نے چینی وزیراعظم کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام وزیراعظم کو دیا۔ انہوں نے اہم ایشوز پر چین کی حمایت اور سی پی سی کانگریس کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد کا پیغام دینے کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کیلئے بھائی کا درجہ رکھتا ہے۔ انہوں نے چینی وزیراعظم کے پیغام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درممیان سی پیک، تجارت، سکیورٹی، خطے اور افغانستان کی صورتحال سمیت تمام ایشوز پر قریبی تعاون پر اطمینان ظاہر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے اور وقت پر کام پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔ انہورں نے سی پیک کے حوالے سے تعاون میں مزید اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان دونوں ترقی کیلئے پرامن پڑوس کا ویژن رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے پاکستان میں چلی کے سفیر (یو اے ای میں ریذیڈنٹ مشن کے ساتھ) جین پائول تارود نے وزیراعظم آفس میں خیرسگالی ملاقات کی۔ سفیر نے چلی کی قیادت کی طرف سے نیک خواہشات پہنچائیں اور پاک، چلی تعلقات کے استحکام کیلئے کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ وزیراعظم نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چلی کے درمیان مختلف فورموں پر تعاون سے عبارت خوشگوار تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر تجارت اور اقتصادی تعاون پر زور دیا۔وزیر اعظم شاہد خا قان عباسی آج بروز بدھ کو مختصر دورے پر اسلام آباد سے گوادر پہنچیں گے جہاں گوادر ایئر پورٹ پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری انکا استقبال کریں گے۔ وزیر اعظم گوادر میں ایسٹ ڈے ایکسپر یس وے کا افتتاح کریں گے۔ اسکے علاوہ وزیر اعظم کو ترقیا تی منصوبوں، سی پیک ،سیاسی صورتحال ،امن و امان کے بارے میں بریفنگ دی جائیگی۔ وزیر اعظم سے گوادر میں مختلف قبا ئلی عمائدین، صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی ملاقات کریں گے ،وزیر اعظم کے دورہ گوادرکے موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں