غداری کیس ‘ شریک ملزموں میں نام آنے پر زاہد حامد مستعفی
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔ خصوصی عدالت نے زاہد حامد کو پرویز مشرف غداری کیس میں شریک کرنے کا حکم دیا ہے۔ زاہد حامد نے وزارت کا دفتر بھی خالی کردیا۔ وہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں وزیر قانون کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ زاہد حامد کا کہنا تھا کہ غداری کیس میں آنے والے فیصلے کے بعد انکا اس عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہتا۔ مستعفی ہونے والے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی پرویز مشرف کے دور حکومت میں وزیر قانون تھے اور ان کے پاس سائنس و ٹیکنالوجی کا اضافی چارج بھی تھا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم نوازشریف کو ارسال کردیا ہے۔