سروسنگ ڈیٹ سرچارج کے نام پر بجلی قیمتوں میں 30 پیسے فی یونٹ اضافہ
اسلام آباد (راجہ عابد پرویز/ خبرنگار) حکومت نے سروسنگ ڈیٹ سرچارج کے نام پر بجلی کی قیمت میں 30پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے۔ لائن لاسز، ڈیفالٹرز کے ذمہ رقم اورچوری ہونے والی بجلی کی مجموعی رقم صارفین سے وصول کی جائیگی، سروسنگ ڈیٹ سے حکومت کو اڑھائی ارب روپے ماہانہ اضافی آمدن ہوگی، یکم نومبر کے بلوں میں لاگو ہوگا، اسکاکمرشل اور گھریلو دونوں قسم کے صارفین پر یکساں اطلاق ہوگا، بلوںمیں سروسنگ ڈیٹ سرچارج کیلئے الگ خانہ بنایا دیاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت پانی وبجلی نے بجلی کے لائن لاسز، چوری اور ڈیفالٹر سے رقم کی وصولی میں ناکامی کے بعد اسکا تمام تر بوجھ بھی ان صارفین پر ڈال دیا ہے جو کہ پہلے سے ہی ایمانداری سے بل ادا کر رہے ہیں، دلچسپ امر یہ ہے کہ ڈی ایس سرچارج کی رقم پر مزید جنرل سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس، ایکسائز ڈیوٹی سمیت دیگر تمام ٹیکسز بھی لگائے جائیں گے جس کے بعد اصل اضافہ 35 پیسے فی یونٹ سے زیادہ ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدوں کے تحت حکومت کو بجلی میں ہونے والے نقصانات کو ختم کرنا ہے مگر کیونکہ ایک طویل عرصہ گذرنے کے باوجود حکومت یہ اہداف پوری نہ کرسکی جس کے بعد ڈی ایس سرچارج لگاکر آسان حل تلاش کر لیا گیا ہے۔