کراچی: ایم کیو ایم کے کیمپ پر بم حملہ،3 ایم پی ایز سمیت29 زخمی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں گزشتہ شام ایم کیو ایم کے رکنیت سازی کیلئے لگائے گئے کیمپ پر نامعلوم کار سواروں نے بم سے حملہ کردیا۔ متحدہ کے رہنما واسع جلیل کے مطابق دھماکے سے متحدہ کے 3 ایم پی ایز محمد حسین ، عبداللہ اور سیف الدین سمیت 29 افراد زخمی ہوگئے جبکہ علاقہ لرز اٹھا، کئی گاڑیوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور جماعت احرار کے ترجمان احسان اللہ احسان نے کہا ہے کہ ہم متحدہ قومی موومنٹ کے کیمپ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے ایم کیو ایم کے کیمپ پر بم حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے گورنر سندھ عشرت العباد کو فون کرکے متحدہ کے کیمپ پر حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروںکی فوری تلاش اور گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اورنگی سیکٹر آفس فون کرکے کیمپ پر بم حملے میں زخمی ارکان اسمبلی اور کارکنوں کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملے ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے۔