گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار دینے والے کاشتکاروں کو انعامات دینے کا فیصلہ

لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کسانوں کو گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کی ترغیب دینے کے خصوصی منصوبے کے تحت 2008-09 ءمیں گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں9 کروڑ 31 لاکھ 21 ہزار روپے کے انعامات تقسیم کئے جائیں۔ اس بات کا اعلان سینئر مشیر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے گندم کے کاشتکاروں میں انعامات تقسیم کرنے کا جائزہ لینے کے لیے تشکیل دی جانے والی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک ، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری اطلاعات اورسیکرٹری زراعت کے علاوہ دیگر افسران بھی شریک تھے۔ سینئر مشیر نے کہا کہ حکومت نے گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے ایسے کسانوں جن کا زرعی رقبہ25ایکڑ تک ہے، کو انعامات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔