پاکستان اندرونی خطرات کے باوجود بھارت سے توجہ نہیں ہٹا سکتا: مولن

واشنگٹن (آن لائن) امریکی فوج کے سربراہ مائیک مولن نے کہا ہے کہ پاکستان اس حقیقت سے آگاہ ہوجانے کے باوجود کہ ملک کے اندر موجود عسکریت پسند اس کیلئے خطرہ ہیں‘ بھارت سے توجہ نہیں ہٹاسکتا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ایڈمرل مائیک مولن نے کانگریس کی سماعتی کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان اندرونی خطرات کے باوجود اب بھی بھارت کو ایک بڑا خطرہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب روایتی چیلنج اور ملک کے اندر بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی دونوں خطرات کو تسلیم کرتاہے جبکہ اب اسے ان خطرات سے نمٹنے کیلئے کچھ وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے عسکریت پسندی کے ساتھ نمٹنے کے حوالے سے ہمیں تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔افغانستان میں امریکی فوج میں اضافہ سے پاکستان عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔ افغان جنگجو پاکستان پہنچ کر ملک کو خطرے سے دوچار کر سکتے ہیں۔ پاکستان کی سرحدیں خطرے سے خالی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی ہتھیار محفوظ ہیں۔
مائیک مولن