مسلم لیگ ق کے صدر اور دیگر عہدوں کے انتخابات اگست میں کرانے کی تیاریاں

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ق) کے صدر سمیت دیگر عہدیداران کا انتخاب اگست میں کرائے جانے کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے اور انتخابات کی تاریخ کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ الیکشن اگست کے پہلے ہفتے میں ہو گا۔ مسلم لیگ کے آئین کے تحت ان عہدیداران کا الیکشن پارٹی کی مرکزی کونسل خفیہ رائے شماری سے کرے گی۔ کونسل کے کل 1500 ممبران ہیں جن میں پنجاب سے 692 سندھ 295 سرحد 270 بلوچستان 111 اسلام آباد وفاقی ایریا 37 ناردرن ایریا 28 فاٹا 37 ممبران ہوں گے۔ ان کے علاوہ صوبائی تنظیموں او اسلام آباد وفاقی ایریا کے صدر اور جنرل سیکرٹری کونسل کے ممبر ہوں گے جبکہ مسلم لیگ (ق) کے ممبران پارلیمنٹ (ممبران سینٹ و قومی اسمبلی ) بھی کونسل کے ممبر ہوں گے۔