سوات آپریشن کامیابی کے قریب پہنچ چکا‘ متاثرین کی واپسی جلد شروع ہوجائیگی: راجہ ریاض

لاہور (خبرنگار خصوصی) متاثرین سوات پاکستان کی سلامتی اور بقاءکی خاطر بے گھر ہوئے ہیں۔ پورے ملک کے عوام کو ان کی راہ میں دیدہ و دل فراش راہ کرنے چاہئیں۔ فوجی آپریشن کامیاب کے قریب پہنچ چکا ہے۔ بے گھر لوگوں کی بہت جلد اپنے علاقوں کو واپسی شروع ہوجائیگی۔ ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد نے یہاں متاثرین سوات کیلئے لگائے گئے امدادی کیمپ کے دورے پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ ریاض نے کہا کہ متاثرین سوات کی بحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتیں موثر حکمت عملی اپنا رہی ہیں۔ مغربی ممالک نے متاثرین کیلئے عطیات کا اعلان کیا ہے۔ اب صدر زرداری اسلامی ممالک کے سربراہوں سے بھی مدد کی اپیل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں کیلئے پاکستان کے پہاڑی یا میدانی علاقوں میں کوئی جگہ نہیں۔ ان لوگوں کا ہر جگہ پیچھا کیا جائیگا اور انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور عوام طالبان کیخلاف آپریشن پر متفق ہیں۔