بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے عالمی پیشکشیں طلب‘ فزیبلٹی رپورٹ چینی کمپنی تیار کررہی ہے : ترجمان ایوان صدر

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ ریڈیو نیوز+ اے پی پی) بھاشا ڈیم منصوبہ کی تعمیر کیلئے عالمی پیشکشیں طلب کر لی گئی ہیں جبکہ بولی دہندگان میں 3 چینی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ ایوان صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیم کی فزیبلٹی رپورٹ چینی کمپنی تیار کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر زرداری کی زیرصدارت ایوان صدر میں پاک چین مشترکہ منصوبہ جات کے سلسلے میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان میں چین کی معاونت سے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے اجلاس کے بارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھاشا ڈیم کی جلد تکمیل کیلئے مراعات کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا تین چینی کمپنیوں نے بھی ڈیم کی تعمیر کیلئے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈیم کی تیاری کیلئے فزیبلٹی سٹڈی پہلے ہی چینی کمپنیوں کو دے دی گئی ہے۔ چین کی کمپنی تھری گارجس ڈیم کارپوریشن کو بھی بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ صدر زرداری کو چین کے تعاون سے پاکستان میں زیر تکمیل دوسرے منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان میں اس سال ہونے والے گندم کی زیادہ پیداوار کے بعد گندم کی سٹوریج کیلئے چین سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدر نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ چین سے تعمیراتی ٹیکنالوجی لی جائے جس کے ذریعے پاکستان میں تعمیراتی منصوبے جلد سے جلد مکمل ہو سکیں۔ علاوہ ازیں صدر زرداری نے چینی سفیر لوژا ہوئی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور مختلف عالمی امور پر یکساں موقف پر مبنی ہیں‘ چین سے دفاعی اور اقتصادی تعاون بڑھائیں گے‘ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے چین کے کئی دورے بھی کروں گا۔ صدر زرداری نے اس موقع پر سوات متاثرین کیلئے چینی امداد پر شکریہ ادا کیا۔