’’سندھ حکومت میں شمولیت‘‘ ایم کیو ایم سے بات بڑھائینگے: زرداری، قائم شاہ کا اتفاق

’’سندھ حکومت میں شمولیت‘‘ ایم کیو ایم سے بات بڑھائینگے: زرداری، قائم شاہ کا اتفاق

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے مزید رابطے بڑھانے کی ہدایت کردی۔ باخبر ذرائع کے مطابق جمعہ کو بلاول ہائوس میں سابق صدر آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ملاقات کی۔ جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے آصف علی زرداری کو تھر میں قحط سالی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر حکومت سندھ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ تھر کے عوام کو موجودہ صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی بحالی و آبادکاری کے لئے پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ہدایت کی کہ عوام کی بحالی کے لئے ریلیف پیکیج کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے اور قحط سے متاثرہ عوام کو گندم کی فراہمی کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حکومت سندھ تھر کے علاقے میں میٹھے پانی کی فراہمی کے لئے آر او پلانٹ کے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کرے اور تھر کے تمام علاقوں میں فوری طور پر ان پلانٹس کی تنصیب کا کام مکمل کیا جائے  اورکام میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں دبئی میں اتفاق کیا گیا کہ ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں ممکنہ شمولیت اور دیگر امور پر ہونے والی بات چیت کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے گا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ہدایت کی کہ صوبے میں مفاہمتی عمل کے تحت ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں سے رابطوں کو بہتر کیا جائے۔  دریں اثناء ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کارکنوں اور ذمہ داران کو پیپلزپارٹی کے خلاف بیان بازی سے روک دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق الطاف حسین نے کہا کہ پی پی کی قیادت کے خلاف کوئی بیان نہیں آنا چاہئے بلکہ آپس میں باہمی تعاون کی فضا کو فروغ دیا جائے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم میں تعلقات مضبوط ہو گئے، دبئی مذاکرات نے کام دکھانا شروع کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم نے سندھ حکومت میں شامل ہونے کیلئے گرین سگنل دیدیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں ایم کیو ایم سندھ حکومت میں شمولیت اختیار کر لے گی۔ متحدہ کے 6وزراء اور 3مشیر لئے جا رہے ہیں، متوقع وزراء میں فیصل سبزواری، عادل صدیقی، سید سردار احمد، ڈاکٹر صغیر احمد، حسیب بیگ اور خواجہ اظہار الحسن شامل ہیں۔