ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کی بیٹنگ ناکام‘ بھارت نے 7 وکٹوں سے شکست دے دی

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کی بیٹنگ ناکام‘ بھارت نے 7 وکٹوں سے شکست دے دی

میر پور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) بنگلہ دیش میں جاری ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر ٹین مرحلے کے پہلے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔ بھارت نے 131 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ بھارتی کپتان دھونی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بلے بازی کی دعوت دی۔ پاکستان اوپنرز ناکام رہے جس کی وجہ سے مڈل آرڈر بھی دبائو میں آ گیا۔ 9 کے سکور پر پہلی وکٹ گری اور کامران اکمل 8 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے۔ کپتان محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے سکور کو 44 تک پہنچایا تو کپتان 15 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہو گئے۔ 47 کے مجموعی سکور پر احمد شہزاد بھی 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ چوتھی وکٹ 97 کے مجموعی سکور پر گری جب شعیب ملک 18 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے۔ 103 کے مجموعہ پر عمر اکمل 33 رنز بنا کر محمد شامی کا نشانہ بنے۔ شاہد آفریدی 8، صہیب مقصود 21 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بلاول بھٹی صفر پر ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں قومی ٹیم 130 رنز بنا سکی۔ امیت مشرا نے 2، بھونیشور کمار، محمد شامی اور رویندرا جدیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 131 رنز کے تعاقب میں بھارت کو 54 رنز کا آغاز ملا۔ اس کے بعد بھارت کی 3 وکٹیں جلد گر گئیں مگر مڈل آرڈر بلے بازوں نے کھیل کو سنبھال لیا اور پاکستانی بائولرز بھارتی ٹیم کو آئوٹ کرنے میں ناکام رہے۔ روہت شرما 24، شیکھر دھون 30، یووراج سنگھ ایک سکور بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی 36 اور سریش رائنا 35 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ سعید اجمل، عمر گل اور بلاول بھٹی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت کے امیت مشرا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ بلے بازوں نے 51 گیندیں ضائع کرکے بھارتی اننگز شروع ہونے سے قبل ہی اپنی شکست پر مہر ثبت کر دی۔ بھارتی ٹیم  نے 131 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔ میدان میں موجود ہزاروں پاکستان کے حامی اور پاکستان بھر میں کروڑوں شائقین  کو ٹیم کی کارکردگی سے سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ ملک بھر میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر سخت مایوسی دکھائی دی۔ شائقین کرکٹ کا کپتان حفیظ‘ شعیب ملک‘ عمر گل‘ عمر اکمل‘ احمد شہزاد کیخلاف شدید ردعمل سامنے آیا اور آئندہ میچوں میں شعیب ملک اور عمر گل کو کسی صورت شامل نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ شائقین نے بلے بازوں پر شدید تنقید کی۔