نااہلی کیس جواب جمع کرانے کیلئے 6 جولائی تک مہلت، عمران خان غیر معینہ التوا چاہتے ہیں تو پہلے الزامات تسلیم یا مسترد کریں: چیف الیکشن کمشنر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نااہلی کیس میں ایک مرتبہ پھر الیکشن کمشن میں جواب جمع نہ کر ا سکے،الیکشن کمشن نے انہیں 6 جولائی تک جواب جمع کرانے کی ایک اور مہلت دے دی ، چیف الیکشن کمشنرجسٹس(ر) سردار محمد رضا خان نے کہاکہ ہم تو کیس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کو تیار ہیں لیکن پہلے درخواست پر جواب جمع کروائیں ، اگر پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ہم سماعت نہ کریں تو ہائی کورٹ کا حکم امتناع پیش کریں۔الیکشن کمشن میں مسلم لیگ (ن)کے رہنما ہاشم بھٹہ کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی۔عمران خان کے وکیل شاہد گوندل نے سپریم کورٹ کا 13 جون کا حکم نامہ الیکشن کمشن میں پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ہاشم علی بھٹہ اور اکبر ایس بابر کی درخواستیں ایک ہی نوعیت کی ہیں عدالت عظمی بھی یہ کیس سن چکی ہے۔ الیکشن کمشن اکبر ایس بابر کا کیس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرچکا، لہذا ہاشم علی بھٹہ کی عمران خان کے خلاف درخواست بھی غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کی جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم تو کیس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کو تیار ہیں لیکن پہلے جواب جمع کرایا جائے، اور درخواست میں لگائے گئے الزامات کو تسلیم یا مسترد کیا جائے۔ہاشم علی بھٹہ کے وکیل نے عمران خان نااہلی کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پٹیشن اکبر ایس بابر سے بالکل مختلف ہے اس لئے کیس کو غیر معینہ مدت تک ملتوی نہ کیا جائے۔ جس پر الیکشن کمشن نے عمران خان کو6جولائی تک جواب جمع کروانے کی مہلت دے دی جبکہ اکبر ایس بابر کی جانب سے دائر کئے گئے غیرملکی فنڈنگ کیس میں ایک مرتبہ پھر الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے پارٹی فنڈز کی تفصیلات جمع کروائے۔ کمشن نے 10 جولائی تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ دوران سماعت تحریک انصاف کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں معاملہ زیرسماعت ہے جس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اگر معاملہ زیرسماعت ہے تو حکم امتناعی لے کر آئیں جب تک حکم امتناعی نہیں دیں گے اس کیس کو ملتوی نہیں کر سکتے۔
سپریم کورٹ طے کرے گی کہ الیکشن کمشن کو پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کا اختیار ہے یا نہیں۔ ہم دائرہ سماعت سے متعلق اپنا فیصلہ دے چکے ہیں۔اکبر ایس بابر کے وکیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی، پارٹی فنڈنگ سے متعلق تفصیلات نہ فراہم کرنے کا ہر طریقہ استعمال کررہی ہے۔ الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کو پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 10 جولائی تک ملتوی کردی۔