ورکنگ بائونڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی جاری، 3خواتین سمیت 4افراد شدید زخمی,رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی
بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے،سرحدی خلاف ورزی کے نتیجے میں تین خواتین سمیت چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔بھارتی فوج کی جانب سے پیرکوپھر ورکنگ باونڈری کے چاروا اور ہرپال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت چار افراد شدید زخمی ہوگئے ۔چناب رینجرز کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔دوسری جانب ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر نوید بذریعہ ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور بھارتی اشتعال انگیزی سے ہونے والی نقصانات کا جائزہ لیا اور چناب رینجرز کی بھرپور کارروائی پر انہیں شاباش دی۔بھارتی فورسز مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہیں۔بھارتی فورسز کی جانب سے بھاری ہتھیاروں اورتوپخانے کا استعمال کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں متعدد مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔ دس کلومیٹر کے اندر واقع دیہاتوں کو مکمل طورپرخالی کروا لیا گیا ہے۔دوسری جانب بھارت نے ایل او سی پر بھی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی اشتعال انگیزی میں خواتین سمیت چار شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔