کراچی:سابق ایس ایس پی ملیر را ئوانوار کیلئے ایئرپورٹ پروٹوکول ڈیوٹی پر تعینات 7 اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ۔ جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر وی آئی پی ڈیوٹی کرنے والے پولیس افسر اور اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ رائو انوار کے لیے کام کرنے والے ان اہلکاروں کے ایئر پورٹ پاسز منسوخ کر کے نئے اہلکار تعینات کیئے جائیں گے۔سب انسپکٹر سرفراز، منیر، غفار، مظہر، شہزاد، ٹکا خان اور ملک امیر کو طلب کیا جائے گا۔ حساس ادارے ساتوں اہلکاروں کے کوائف مرتب کر کے تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کریں گے۔ یہ اہلکار ایئر پورٹ پر پروٹوکول ڈیوٹی کی آڑ میں غیر قانونی طریقے سے یومیہ لاکھوں روپے بھی کماتے تھے اور انہیں رائو انوار کی مکمل سرپرستی حاصل تھی۔علاوہ ازیں ایس ایس پی را ئوانوار کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور ان کے مبینہ جعلی پولیس مقابلوں کی تحقیقات کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے جس میں سندھ حکومت، آئی جی سندھ، را ئوانوار اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔مزمل ممتاز ایڈوکیٹ نے دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ راو انوار نے دوران ملازمت اختیارات سے تجاوز کیا اور اب تک مبینہ طور پر 250سے زائد افراد کو جعلی مقابلوں میں ہلاک کیا، جعلی پولیس مقابلوں کے متعدد الزامات کے باوجود را وانوار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی، بتایا جائے کہ راو انوار کو دورانِ ملازمت مسلسل ملیر میں کیوں تعینات رکھا گیا؟ جب کہ 250 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کا بورڈ قائم کیا جائے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024