مخالفین ڈیڈ لائن بڑھاتے رہیں گے‘ شر کی قوتیں ناکام ہونگی: رانا ثناء
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایک دوسرے پر لعنت بھیجنے والے قادری صاحب کے جلسے میں موجود تھے۔ مال روڈ پر خالی کرسیاں بھی ان پر لعنت بھیجتی رہیں۔ فیصل آباد کے علاقے ستیانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سب نے پارلیمنٹ پر لنعت بھیجنے کی ناکام کوشش کی۔ ان پر عوام نے کروڑوں لعنتیں بھیجیں۔ ہر وقت افراتفری اور انتشار ان کا ایجنڈا ہے۔ ماڈل ٹائون کیلئے جلسہ کیا گیا لیکن ورثاء سے تقریر نہیں کرائی گئی۔ مخالفین ڈیڈلائن بڑھاتے رہیں گے۔ امید ہے خیر کی قوتیں کامیاب اور شر کی قوتیں ناکام ہوںگی۔ ملک میں آئین وقانون اور جمہوریت کی حکمرانی رہے گی۔رانا ثناء اللہ نے جڑانوالہ ستیانہ تا جھامرہ سڑک کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے خاندان کو دہشت گردوں سے خطر ہ ہے، چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ پورے ملک کے لیے احترام کے قابل ہے۔ زینب قتل کیس میں پیش رفت ہوئی ہے اور 800افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا ہے۔ سازشی اب بھی ناکام ہوں گے۔ پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے رکنیت چھوڑ کیوں نہیں دیتے۔