آصف علی زرداری سے بلاول ہاوس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، پاناما لیکس، فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر مشاورت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خورشید شاہ نے سابق صدر کو فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے حوالے سے حکومتی موقف اور پارلیمانی جماعتوں کی رائے سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر نے کہا کہ پاناما لیکس اور دیگر قومی معاملات پر پیپلز پارٹی تمام پارلیمانی اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ پارلیمنٹ اور جمہوری اداروں کی بالادستی اور انہیں مستحکم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لےے بنائی جانے والی پالیسی پر پارلیمنٹ اور پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے اور جو بھی پالیسی بنے، وہ قومی اتفاق رائے سے بننی چاہئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت میں پیپلز پارٹی کی قیادت نے طے کیا ہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر پارلیمان اور پارلیمانی جماعتوں کی مشترکہ موقف کی حمایت کی جائے گی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لےے اتفاق رائے سے جو بھی پالیسی تشکیل دی جائے گی پیپلز پارٹی اس پالیسی کا ساتھ دے گی۔ پیپلز پارٹی آج جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس میں پالیسی کو واضح کرے گی اور تجویز دے گی کہ قومی سلامتی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی فوراً تشکیل دی جائے۔ نیشنل ایکشن پلان پر فوری عمل عدالتی نظام میں اصلاحات کے لےے قانون سازی پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت سے کی جائے اور حکومت اس حوالے سے اپنی گائیڈ لائن دے۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024