چین سے دوستی معاشی تعلقات میں بدل چکی‘ معاہدوں سے نئے دور کا آغاز ہو گا : شہباز شریف

چین سے دوستی معاشی تعلقات میں بدل چکی‘ معاہدوں سے نئے دور کا آغاز ہو گا : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وائس منسٹر چن فینگ شیانگ نے ماڈل ٹاﺅن میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان کمیونسٹ پارٹی چین اور مسلم لیگ ن کے درمیان روابط مستحکم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے۔ پاکستان اور چین کی موجودہ لیڈر شپ کے دور میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کی دوستی سود مند معاشی تعلقات میں تبدیل ہو چکی ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کے نئے دریچے کھل رہے ہیں۔ چین کی قیادت نے وزیراعظم نوازشریف کی لیڈر شپ پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ بیجنگ کے دوران چین نے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرماےہ کاری کے معاہدے کئے ہیں جن سے پاکستان میں معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیر اعلی نے مسلم لیگ ن اورکمیونسٹ پارٹی چائنہ کے درمیان زیادہ سے زیادہ رابطے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وائس منسٹر چن فینگ شیانگ نے وزیراعلی شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اور میرے وفد کے ارکان کو پاکستان میں بہت پیار اور محبت ملی ہے، ہمیں لاہور آکر دلی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے صوبے کے عوام کے فلاح و بہبود کے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں اور وہ ناصرف ایک متحرک وزیراعلی ہیں بلکہ مسلم لیگ ن کے ایک فعال لیڈر بھی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ کمیونسٹ پارٹی چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے درمیان رابطوں کا سلسلہ مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ پاک چین دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔ مزید برآں وزیراعلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور کے سکول میں معصوم بچوں پر حملہ دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے جس پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ معصوم بچوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے دہشت گرد دھرتی کا بوجھ اور معاشرے کےلئے بدنما داغ ہےں۔ قوم کے مستقبل پر حملہ کرنے والے سخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ قربانیاں دےنے والوں کا خون ضائع نہیں جائے گا اور شہداءکے خون کا حساب لیا جائے گا اور اتحاد کی قوت سے وطن اور امن کے دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردوں کا نام ونشان ہمیشہ کےلئے مٹا دیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان، پولیس اور عوام نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم کو پاک افواج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں پر فخر ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلی شہباز شریف نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر منور مغل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہبازشریف