پاکستان کیلئے سپورٹ فنڈ میں توسیع‘ اوباما نے دفاعی اخراجات بل پر دستخط کر دیئے

پاکستان کیلئے سپورٹ فنڈ میں توسیع‘ اوباما نے دفاعی اخراجات بل پر دستخط کر دیئے

واشنگٹن (آن لائن+ آئی این پی+ این این آئی) امریکہ کے صدر بارک اوباما نے دفاعی اخراجات کے بل کی کانگریس سے منظوری کے بعد اس پر دستخط کر دئیے ہیں اور اس میں پاکستان کے لئے اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں ایک سال کی توسیع کی گئی ہے۔ اس فنڈ کے ذریعے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی اعانت فراہم کی جائے گی۔ فنڈز کی فراہمی کیلئے امریکی کانگریس کے لئے یہ یقین دہانی ضروری ہوگی کہ پاکستان انسداد دہشت گردی میں شدت پسندوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر رہا ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں حالیہ برسوں کے دوران کشیدگی در آئی تھی لیکن گزشتہ ماہ جنرل راحیل شریف کے دورہ امریکہ کے بعد خصوصاً دفاع اور سلامتی کے شعبے میں روابط میں تیزی آئی ہے۔ فوجی آپریشن سے حاصل ہونے والے نتائج کو آرمی چیف کے دورہ امریکہ کے دوران امریکی عہدیداروں کی طرف سے بھی سراہا گیا۔ معروف تجزیہ کار حسن عسکری نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا یہ منظوری دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کو ظاہر کرتی ہے۔ آرمی چیف کے دورہ امریکہ کے بعد کچھ صورت حال ہمیں بہتر نطر آتی ہے اس کے علاوہ شمالی وزیرستان میں آپریشن وہ چونکہ واضح اور جامع انداز میں بلاامتیاز ہو رہا ہے اس کی وجہ سے بھی میرا خیال ہے امریکہ کے شکوک و شبہات کم ہوئے ہیں۔ اس لئے امریکہ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان 2015 میں تعاون بڑھنے کے امکانات موجود ہیں۔ آئی این پی کے مطابق بل میں غیرملکی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان سے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا گیا ہے۔ اس سے پہلے واشنگٹن میں اپنی سال کی اختتامی نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے افغانستان میں امریکہ کا جنگی مشن دو ہفتے کے اندر ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اوباما/ منظوری