فاٹا میں معمولات زندگی بحال ہو گئے ہیں. دہشت گردی کے خطرہ کو دوبارہ پیدا نہیں ہونے دینگے:جنرل آصف غفور
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ فاٹا میں معمولات زندگی بحال ہو گئے ہیں۔ دہشت گردی کے خطرہ کو دوبارہ پیدا نہیں ہونے دینگے۔ آئی ڈی پیز کی واپسی تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار میجر جنرل آصف غفور نے پاکستان الیون اور یو کے میڈیا الیون کے درمیان میرانشاہ میں کرکٹ میچ کے دوران نجی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میچ منعقد کرنا کوئی مہنگا نہیں پڑا۔ ہم سب نے عوام اور سکیورٹی فورسز نے مل کر امن کی فضا بحال کی ہے۔ اس کا نتیجہ یہی ہے کہ معمولات زندگی بحال ہوں۔ آج اتنا اچھا کرکٹ میچ ہو رہا ہے۔ شمالی وزیرستان کے لوگ خوش ہیں۔ شاید انہوں نے پہلی مرتبہ زندگی میں براہ راست کرکٹ میچ دیکھا ہے۔ شاہد آفریدی کو سامنے کھیلتے دیکھا یہ بڑا خوشی کا دن ہے۔ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ دوبارہ حالات خراب نہیں ہو سکتے۔ جتنی قربانیاں دے کر اور جس طریقہ سے امن بحال ہوا ہے۔ دہشت گردی کا خطرہ دوبارہ پیدا ہونا ناممکن ہے کیونکہ عوام اور سکیورٹی اداروں نے اس خطرہ کو سمجھ بھی لیا ہے اور اس کے خلاف کارروائی بھی کی۔ اب ترقی کا عمل جب چلے گا ضروریات زندگی اور گورننس بحال ہو گی۔ جب ریاست اپنے عوام کے لئے سارے کام کر دیتی ہے تو پھر اس قسم کے خطرے دوبارہ پیدا نہیں ہو سکتے اور نہ ہی ہونگے۔