تاندلیانوالہ : ہسپتال انتظامیہ کا داخل کرنے سے انکار، خاتون نے ایمبولینس میں بچے کو جنم دیدیا
سول ہسپتال تاندلیانوالہ کی انتظامیہ کاحاملہ خاتون کو داخل کرنے سے انکار،ایمبولینس میں ہی بچے کی پیدائش۔ تفصیلات کے مطابق سول ہسپتال تاندلیانوالہ میں خاتون کو ڈلیوری کیلئے لایا گیا تو انتظامیہ نے یہ کہہ کر داخل کرنے سے انکار کر دیا کہ ہسپتال میں گائنی ڈاکٹر اور سہولیات موجود نہیں لہٰذا مریضہ کو فیصل آباد لے جائیں۔اس پر خاتون کو ایمبولینس میں فیصل آباد ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ چک 24 کے قریب ہی ایمبولینس میں بچے کی پیدائش ہو گئی۔متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ہسپتال انتظامیہ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔واضح رہے سرکاری ہسپتال میں انتظامیہ کے بے حسی کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ کچھ روز قبل بھی رائیونڈ اور گنگارام ہسپتال میں بھی خواتین نے ہسپتال کے احاطے میں بچوں کو جنم دیا تھا۔