لاہور : غربت پر شوہر سے جھگڑے‘ خاتون دو بچوں سمیت فلیٹ سے کود گئی‘ شیرخوار جاں بحق
لاہور (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور کے علاقے فیصل ٹاؤن میں گذشتہ رات شوہر سے جھگڑے کے بعد خاتون نے اپنے 2 بچے ایل ڈی اے فلیٹس کی چوتھی منزل سے پھینک کر خود بھی چھلانگ لگا دی۔ 2 ماہ کا ننھا صدام حسین دم توڑ گیا، اس معصوم کی چیخ بھی نہ نکل سکی جبکہ اڑھائی سالہ اس کی بہن ام فروا اور چھلانگ لگانے والی ماں شدید زخمی ہو گئیں۔ تینوں کو لوگوں اور ریسکیو اہلکاروں نے فوری جناح ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے شیرخوار صدام حسین کو مردہ قرار دیدیا جبکہ ام فروا اور اسکی ماں کی جان بچانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس نے خاتون عابدہ کے شوہر محمد اسلام کی درخواست پر عابدہ پروین کیخلاف قتل، اقدام قتل اور خودکشی کا مقدمہ درج کر لیا۔ بتایا گیا ہے غربت اور تنگدستی کے باعث گھریلو اخراجات پورے نہ ہونے پر اسلام اور اسکی بیوی عابدہ پروین میں اکثر جھگڑا رہتا تھا گزشتہ روز بھی دونوں کی جھڑپ ہوئی جس کے بعد اسلام گھر سے باہر چلا گیا، پیچھے سے عابدہ نے انتہائی اقدام اٹھا لیا، ماں اور بچے چھت سے گرنے کی آواز پر لوگ اکٹھے ہو گئے علاقے کی فضا سوگوار جبکہ محمد اسلام صدمے سے نڈھال ہو گیا۔ ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آدھے گھنٹے تک نعش اور زخمی زمین پر پڑے رہے۔ عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے روایتی بے حسی کا مظاہرہ کیا اور لوگوں کو ریسکیو اہلکار زخمیوں کو پہنچانے کیلئے بلانے کا مشورہ دیا جبکہ خود کچھ نہ کیا۔
بچے پھینک دیئے