این اے 61 چکوال میں ضمنی الیکشن : مسلم لیگ ن کے ممتاز ٹمن 66 ہزار ووٹوں سے جیت گئے

چکوال (نامہ نگار+ این این آئی) این اے 61 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ کے امیدوار سردار ممتاز ٹمن نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی‘ 363 پولنگ سٹیشنوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ممتاز ٹمن نے 104739 جبکہ منصور حیات نے 37978 ووٹ حاصل کئے۔ حلقے میں کل 10 امیدوار حصہ لے رہے تھے جن میں مسلم لیگ (ن) کے ممتاز خان ٹمن ، پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ سردار منصور حیات ٹمن ، کمانڈر ایوب اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ یاسر ملک سمیت دیگر 6 امیدوار شامل تھے تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے سردار ممتاز ٹمن اور آزاد امیدوار سردار منصور حیات ٹمن کے مابین تھا۔ سردار منصور حیات ٹمن کو در پر دہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل تھی۔ ادھر سردارممتازٹمن کی کامیابی پر مسلم لیگ(ن) کے کارکنوںنے جشن منایااورڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالے اس موقع مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔میاں نوازشریف ‘ شہبازشریف اور دیگر رہنماوں نے شاندار کامیابی پر ممتاز ٹمن اور کارکنوں کو مبارکباد دی ہے۔چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ چکوال میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ق) کے مشترکہ امیدوار کی شکست سے آصف علی زرداری کو اپنی مقبولیت کا پتہ چل گیا ہوگا گوجرانوالہ کی ایک نشست پر 3 ہزار کی جیت پر بینڈ باجے بجانے والی پیپلزپارٹی کی قیادت نجانے اس شکست پر اب کیا تاویلیں دے گی۔میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ این اے 61 کے انتخابی معرکے میں ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ عوام نوازشریف کی قیادت پر یقین رکھتے ہیں۔