وفاقی کابینہ کا آج طلب کیا جانیوالا اجلاس ملتوی، پسندیدہ ملک قرار دینے کا معاملہ بھارتی انتخابات کے نتائج تک موخر

وفاقی کابینہ کا آج طلب کیا جانیوالا اجلاس ملتوی، پسندیدہ ملک قرار دینے کا معاملہ بھارتی انتخابات کے نتائج تک موخر

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+  نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف کی مصروفیات کے باعث وفاقی کابینہ کا آج طلب کیا جانے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ اب یہ اجلاس وزیراعظم کے غیرملکی دورے سے واپسی کے بعد ہو گا۔ وفاقی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں حج پالیسی 2014ء اور بھارت کو تجارت میں پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کی تجویز شامل تھی۔ اجلاس کو ملتوی کرنے کے بارے میں تمام وفاقی وزراء کو آگاہ کر دیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف اتوار کو ہالینڈ کے دو روزہ سرکاری دورے پر جا رہے ہیں، بعدازاں وہ نجی دورے پر برطانیہ جائیں گے۔ دریں اثناء پاکستان نے بھارت کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کا فیصلہ بھارت کے انتخابات کے نتائج آنے تک موخر کردیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا معاہدہ نئی حکومت سے ہوگا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت نے فی الوقت بھارت کو تجارت کیلئے پسندیدہ ملک قرار دینے کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان اس فیصلے کے ذریعے بھارت میں یہ تاثر پیدا نہیں کرنا چاہتی کہ وہ کسی بھارتی جماعت کی حمایت میں یہ فیصلہ کر رہی ہے۔