عمران خان کا پارلیمنٹ سے متعلق بیان نامناسب ہے ، مریم اور نگزیب
اسلام آباد (آن لائن)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے پارلیمنٹ کیلئے لعنت کا لفظ استعمال کیے جانے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پارلیمنٹ جمہوری ادارہ ہے ، عوام نے اپنے ووٹوں کے ذریعے بنایا ہے ، عمران خان کو پریس کانفرنس میں اپنے الفاظ واپس لینے چاہیے تھے ۔ایک انٹرویومیں مریم اورنگزیب نے کہاکہ اپوزیشن کا کام حکومت پر تنقید کرنا ہوتا ہے اور یہ ان کا حق ہے مگر پارلیمنٹ جیسے ادارے کے لیے اس طرح کی زبان اور الفاظ کا استعمال کرنا کسی صورت بھی قابلِ قبول نہیں کیونکہ یہاں ملک کی تمام جماعتیں موجود ہیں۔انہوں نے کہایہ بات انتہائی افسوناک ہے کہ عمران خان نے ایک جماعت کے سربراہ ہوکر اسی پارلیمنٹ کیلئے ایسا لفظ استعمال کیا، جس سے وہ خود بھی تنخواہ لیتے ہیں اور وہ ناصرف ہمارا بلکہ ان کا اپنا بھی ادارہ ہے۔انہوںنے کہاعمران خان کے اس بیان کی ہر ایک نے مذمت کی۔