فلیگ میٹنگ‘ فائرنگ کا سلسلہ نہ رکا تو بھرپور جواب دینگے: پاکستان

راولا کوٹراولپنڈی (آن لائن/ ریڈیو نیوز) پاکستان نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور راولا کوٹ کیلر سیکٹر میں فوجی کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے اور اس واقعہ کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیاگیا ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق راولا کوٹ سیکٹر میں گذشتہ روز پاکستان اور بھارت کے مقامی فوجی کمانڈر کی فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں پاکستان نے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے اپنے فوجی کے شہید ہونے اور ایک کے زخمی ہونے پر شدید احتجاج کیا اور بھارت کو خبردار کیا کہ وہ سیز فائر معاہدے کا احترام کرے اور بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات سے باز آئے اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پاکستان صبر و تحمل کی پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے کسی بھی جارحیت اور بلااشتعال فائرنگ کے واقعہ کا بھرپور جواب دے گا۔ عسکری حکام نے بتایاکہ پاک فوج نے کنٹرول لائن پر بھارتی چوکیوں پر فائرنگ کے بھارتی فوج کے الزامات کو بھی سختی سے مسترد کردیا اور کہاکہ بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ پاکستان کو دے۔ ایسے بے بنیاد الزامات میں کوئی حقیقت نہیں۔