نواز شریف کو گھر بھیجیں گے ، زرداری؛ شریفوں کیلئےملک، قانون الگ ہیں، بلاول

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
نواز شریف کو  گھر بھیجیں گے ،  زرداری؛ شریفوں کیلئےملک، قانون الگ ہیں، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فیصلے سے ثابت ہو گیا ایک فیصلہ شریفوں کیلئے اور دوسرا ملک کے عوام کیلئے ہے۔ ایک قانون شریفوں کیلئے اور دوسرا قانون غریب عوام کیلئے ہے۔ یہ لوگ ماڈل ٹاﺅن کے لوگوں کو قتل کر دیں کوئی مجرم نہیں ٹھہراتا۔ شاہ جیونہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کب تک ملک میں یہ دو قانون چلیں گے۔ ایک خط نہ لکھنے پر گیلانی کو گھر بھیج دیا گیا۔ شہید بی بی کی حکومت کو آئین کے ایک ہی آرٹیکل کے تحت ختم کر دیا جاتا ہے۔ ہمیں ایک پاکستان اور ایک قانون چاہئے۔ نہ ہی ہمیں دو پاکستان چاہئیں اور نہ ہی دو قانون۔ عوام اور نوجوانوں سے پوچھتا ہوں، آپ ان دو قانون کو مانتے ہیں۔ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں طاقتور اور کمزور کیلئے ایک ہی قانون ہو۔ میاں صاحب آپ مکمل طور پر بری نہیں ہوئے۔ عوام کی عدالت نے آپ کیخلاف فیصلہ دیدیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ فیصل صالح حیات کو دوبارہ پارٹی میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ شاہ جیونہ کے لوگوں کا پیار دیکھ کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ اس بار ہم نے شریفوں کو مٹانا ہے آر اوز کے الیکشن کو ایکسپوز کرنا ہے۔ اس دھرتی کے ساتھ کہا گیا؟ نہ یہاں بجلی ہے اور نہ پانی۔ ہم الیکشن نہیں ہارے، آراوز نے یہ ہرایا ہے ن لیگ نے لوگوں کے ساتھ کیا؟ نہ بجلی نہ پانی، قرض دوگنا کر دیا، عوام کے ساتھ یہ کیا کیا؟ہم نے شاہنواز، بے نظیر اور مرتضیٰ کے جنازے اٹھانے کے بعد بھی پاکستان کیلئے کا نعرہ لگایا۔ انہوں نے کہا آج سندھ کی اسمبلی نے گو نواز گو کی قرار داد پیش کر دی ہے اس مرتبہ ہم نے پنجاب کا قلعہ فتح کرنا ہے میاں صاحب کو ہم گھر بھیجیں گے میاں صاحب آپ گھر نہیں کسی اور کے گھر جائیں گے۔ آپ سمجھ لیں جیسے مشرف کو گھر بھیجا تھا اب نواز شریف کو بھیجیں گے۔ آپ صرف سرکاری روٹیاں توڑنے کے کچھ نہیں کر سکتے۔ چاروں صوبوں کو آپ سے نجات چاہئیے۔ آپ سے کچھ نہیں ہوتا، آپ پائے کھانے کے سوا کچھ نہیں کر سکتے۔ آپ کو لانڈھی جیل میں کھانا بھیجنے کیلئے تیار ہوں۔ ہر طرف سے آپ کے پیچھے لگے ہوئے ہیں۔ یہ میرا پہلا جلسہ ہے میاں صاحب کے خلاف آگے آگے دیکھئیے ہوتا ہے کیا انہوں نے قوم کا حق لوٹا ہے، ہم ان سے حق واپس لیں گے۔ ابھی تو عشق کی ابتداءہے آگے آگے دیکھئیے ہوتا ہے کیا۔ یہاں تو میں مخدوم صاحب کی دعا لینے آیا ہوں۔ سب دوستوں کے ساتھ مل کر ان کی دوا کرنے آ رہا ہوں۔ انشاءاللہ میں پورے پاکستان میں نکلوں گا۔