چینی صدر کا تاریخی استقبال ، پاک فضائیہ کے 8 طیاروں نے حفاظتی حصار میں لئے رکھا

چینی صدر کا تاریخی استقبال ، پاک فضائیہ کے 8 طیاروں نے حفاظتی حصار میں لئے رکھا

اسلام آباد + لاہور (وقائع نگار خصوصی + خبر نگار + نوائے وقت رپورٹ) چین کے صدر شی چن پنگ پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے نور خان ایئربیس پر صدر ممنون حسین‘ وزیراعظم نواز شریف‘ مسلح افواج کے سربراہان سمیت پوری وفاقی کابینہ نے چینی صدر کا شاندار استقبال کیا۔ چینی صدر کا طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تو پاک فضائیہ کے 8 جے ایف 17تھنڈر طیاروں نے انہیں اپنے حفاظتی حصار میں لے کر نور خان ایئربیس پر پہنچایا نور خان ایئربیس پر معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا، مسلح افواج کے چاک چوبند دستوں نے انہیں سلامی دی۔ نور خان ایئر بیس پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف‘ وفاقی کابینہ کے ارکان‘ ارکان پارلیمنٹ‘ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل راشد محمود‘ تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔ جیسے ہی مہمان صدر خاتون اول کے ہمراہ طیارے سے باہر آئے تو پاک فوج کے جوانوں نے انہیں 21 توپوں کی سلامی دی۔ اس موقع پر روایتی ثقافتی ملبوسات میں ملبوس بچوں نے مہمان صدر کو گلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے معزز مہمان کو فلائی پاسٹ پیش کیا چینی صدر کو سلامی کے چبوترے پر لایا گیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چینی صدر کے ہمراہ خاتون اول‘ سینئر وزرائ‘ کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیدار بھی آئے ہیں جبکہ وفد میں چین کے بڑے سرمایہ کار اداروں کے سربراہان بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر علاقائی رقص پیش کئے گئے اور پھول نچھاور کئے گئے۔ لاہور سے خبر نگار کے مطابق چینی صدر کے خصوصی طیارے کے پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی ونگ کمانڈ نعمان خلیل کی قیادت میں تھنڈر طیاروں کی فارمیشن اس کو اپنے حفاظتی حصار میں لیتے ہوئے نور خان ایئر بیس پر لائی۔ بعدازاں چار طیاروں پر مشتمل JF-17 تھنڈر طیاروں کی دو فارمیشنز نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اس موقع پر صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف کی بیگمات بھی موجود تھیں جنہوں نے چینی صدر کی اہلیہ کا استقبال کیا۔ سکولوں کے بچوں نے معزز مہمانان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔