ایمل کانسی کی امریکہ حوالگی میں نواز شریف کا کوئی کردار نہیں: چودھری نثار

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر و قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے استنبول سے ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی اور نہ ہی ان کا ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرنے میں کوئی کردار تھا۔ سابق وزیر خارجہ گوہر ایوب کی تحریر جھوٹ کا پلندہ اور سستی شہرت حاصل کرنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے۔ انہوں نے یہ بات سابق وزیر خارجہ گوہر ایوب کی کتاب کے انکے حوالے سے شائع ہونے والے اقتباسات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ گوہر ایوب کو یہ معاملہ 11 سال بعد کیوں یاد آیا۔ اگر وہ اتنے ہی نیک و پارسا تھے اور اس معاملہ پر ان کے تحفظات تھے تو یہ معاملہ کابینہ میں کیوں نہیں اٹھایا گیا۔ وہ وزارت خارجہ کی کرسی سے کیوں چمٹے رہے۔ جب ان کی جماعت مسلم لیگ (ق) کے دور حکمرانی میں جبکہ وہ خود پارٹی کے سینئر نائب صدر اور ان کا بیٹا وزیر مملکت تھا۔ جنرل (ر) پرویز مشرف نے ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کو امریکہ کے ہاتھ فروخت کیا اس وقت ان کا ضمیر اور ایمان کیوں سویا رہا۔