شہر کراچی میں اسپورٹس کی سرگرمیاں جاری رہیں گی‘وسیم اختر
کراچی( )شہر کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری و ساری رہیں گی۔یہ بات مئیر کراچی وسیم اختر نے چوتھے کراچی گیمز کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح شہر کراچی نے دنیائے اسپورٹس کو جاوید میانداد، جہانگیر خان، اصلاح الدین، اور راشد لطیف اور اقبال قاسم جیسے بڑے بڑے کھلاڑی دئے ، ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ کراچی سے ان جیسے اور کھلاڑیوں کو پیدا کیا جائے۔۔اور ہماری خواہش ہے کہ کراچی شہر میں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہیں گی تو ملک ترقی کرے گا۔اور ملک ترقی کرے گا تو دہشتگردی ختم ہوگی۔میری پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی سے پرزور اپیل ہے کہ کراچی میں ایک انٹرنیشنل ایونٹ کرایا جائے۔کراچی جوکہ پورے ملک کا سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے،اس کو تنہا کرنا نا انصافی ہے۔ملک میں کام جذبوں سے ہوتے ہیں اگر جذبے سچے ہوں تو ملک ترقی کرتا ہے جس کی مثال چوتھے کراچی گیمز میں آرگنائزرز کے جذبے دیکھنے میں آئی اور اسی جذبے کے تحت تین روز تک کامیاب گیمز کا انعقاد کیا گیا۔ مشیر ربانی، معید انور، اسماءعلی شاہ، انجینئر محفوظ الحق ، جاوید کرمانی،کرنل بصیر عالم، سید حامد حسین رضوی، انور فاروقی، گلفراز احمد خان، کاشف فاروقی، محمد تقی، قدسیہ راجہ، غلام یاسین، صفدر عباس، زید علی خان بھی موجود تھے۔ کراچی سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد اسلم خان نے بتایا کہ چوتھے کراچی گیمز میں نیپال ، فیصل آباد ، حیدرآباد،میرپور خاص ، سکھر اور دیگر اضلاع سے 1200سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مقابلے منعقد کرکے نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرسکیں۔ کراچی گیمز کے میڈیا کوآرڈینیٹر ایم نسیم نے گیمز میں شریک کھلاڑیوں، آفیشلز ، مختلف ایسوسی ایشنز کے سیکریٹریز، اسپانسرزاوراور الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری خالد رحمانی، اویس اسد خان،اسماءعلی شاہ،غلام یاسین،اور غلام محمد نے بھی خطاب کیا۔کراچی گیمز کی مائی کولاچی ٹرافی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے چیف ڈی مشن عظمت اللہ خان نے مئیر کراچی سے وصول کی۔