کوئٹہ : بس میں دھماکہ‘ 11 افراد شہید‘ 23 زخمی
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر مسافر بس کے اندر بم دھماکے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں 23 افراد زخمی ہوئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا جس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ ڈپٹی میئر محمد یونس نے بتایا کہ دھماکہ بس ٹرمینل کے قریب ہوا جس میں 40 سے 42 مسافر سوار تھے۔ بس میں زیادہ تر کوئٹہ کی نواحی آبادیوں کے لوگ سوار تھے۔ بڑی تعداد میں افراد بس کی چھت پر سوار تھے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے دھماکے کی جگہ سے شواہد جمع کر لئے۔ جاں بحق افراد میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ ایس پی آپریشن کے مطابق دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکے میں 5 سے 6 کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ بس لوکل روٹ کی تھی جو کوئٹہ سے سریاب جا رہی تھی۔ دھماکہ خیز مواد بس کی چھت پر رکھا گیا تھا۔ دریں اثنا وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سریاب روڈ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کو مزید محفوظ بنائیں گے۔ دھماکہ عام مسافر بس میں ہوا‘ زائرین کی بس نہیں تھی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے کوئٹہ دھماکے کی پرزور مذمت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی آواز میں نے خود سنی۔ دہشت گردی پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واقعہ کو فوراً مانیٹر کر دیا گیا۔دریں اثناء سیکرٹری داخلہ بلوچستان اکبر درانی نے بتایا کہ بی ڈی ایس کے مطابق بم بس کے پچھلے حصے میں رکھا گیا تھا۔ انہوں نے کہا 5 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ جاں بحق افراد میں جمیل احمد، عبدالمنان، غلام حیدر، عمران، نادر، فرید وغیرہ شامل ہیں۔ زخمیوں میں محمد یوسف، زاہد خان، رشید خان، عبدالستار، محمد شمیم، عبدالمنان، غلام محمد، عبداللہ، محمد صابر، حبیب اللہ، حمید اللہ شامل ہیں۔
کوئٹہ/ گوادر/ بارکھان/ پشاور (نیوز ایجنسیاں) سکیورٹی فورسز اور حساس اداروں کی پنجگور میں کارروائی کے دوران جھڑپ میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے سیاہان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا جس کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مسلح افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، ان کے قبضہ سے ایک عدد ایل ایم جی، دو عدد ایس ایم جی، 9 عدد میگزین، دو کلو بارودی مواد، ایک عدد دستی بم، بارودی سرنگ بنانے کا سامان، 320 مختلف قسم کی گولیاں، سولرز پینل، چار عدد موٹر سائیکل، ایک عدد گاڑی اور دیگر اشیاء برآمد کر لی گئی ہیں۔ ادھر لورالائی کے علاقے کھوسٹ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2 ایف سی کا اہلکار شہید ہو گئے جبکہ گوادر میں ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ پیر کو ترجمان ایف سی کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے کھوسٹ میں بارودی سرنگ پھٹنے سے دو ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔ دریں اثنا ایف سی کے اہلکاروں نے پیر کے روز گوادر کے نواحی علاقہ میں سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر پر چھاپہ مار کر 2 شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا جبکہ ملزمان کے ٹھکانے سے برآمد ہونے والا بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ بارود بھی اپنے قبضے میں لے لیا گیا۔ ادھر چمن میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 2 افراد حکمت اللہ اور رحمت اللہ کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے جبکہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار موقع واردات سے فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے۔ ادھر بلوچستان کے ضلع بارکھان میں 2 نامعلوم افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق بارکھان کے علاقے مچھرانی سے 2 افراد کی نعشیں ملیں جنہیں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔