تحریک انصاف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے استعفے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی ہے،قرارداد میں حکومت سے وزیر خزانہ سے فی الفور استعفیٰ طلب کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔پیر کو تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے فوری استعفی کا مطالبہ کرتا ہے۔ فرد جرم لگنے کے بعد وزیر خزانہ کا عہدے پر براجمان رہنا درست نہیں۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ کی بیماری کی وجہ سے ملک کی اہم پوسٹ خالی پڑی ہے، ملک کی معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے، ملک اس وقت بیمار معیشت پر بیمار وزیر خزانہ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر خزانہ سے فی الفور استعفی طلب کیا جائے۔ اس عہدے پر اہل شخص کی تعیناتی کی جائے تا کہ ملکی معیشت کو سنبھالا مل سکے۔واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اسحاق ڈاران دنوں علاج کے لئے لندن میں موجود ہیں، ادھر پاکستان میں احتساب عدالت ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرچکی ہے۔یاد رہے نیب کی طرف سے وزارت داخلہ کو اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی ہے۔ نیب کی طرف سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے ہیں جس کے بعد وزیر خزانہ کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024