خیرپور :خیرپور میں شاہ حسین بائی پاس پر کوئلے سے بھرا ٹرک مسافر وین پر الٹ گیا۔ حادثہ کے نتیجے میں وین میں سوار 17 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔ مسافر ویگن کی باڈی کاٹ کر نعشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا۔ نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال خیرپور منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور ریسکیو اداروں کے اہلکاروں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا اور نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ مسافر وین رانی پور سے خیرپور جا رہی تھی کہ کوئلے سے بھرا ٹرک اوور ٹیک کرتے ہوئے مسافر وین پر الٹ گیا۔ ایم ایس سول ہسپتال خیرپور ڈاکٹر غلام جعفر سومرو کے مطابق 17 نعشیں اور پانچ زخمی ہسپتال لائے گئے ہیں۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے مسافر وین اور ٹرک کا ملبہ سڑک سے ہٹا کر سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38