چین نے تعمیر و ترقی کے شعبوں میں تعاون کر کے دوستی کا حق ادا کر دیا: شہباز شریف

چین نے تعمیر و ترقی کے شعبوں میں تعاون کر کے دوستی کا حق ادا کر دیا: شہباز شریف

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں چین کے سفیر سن ویڈانگ نے گزشتہ روز ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد اور مخلص دوست ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ پاک چین دوستی  ہر کسوٹی پر پورا اتری ہے۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی، فولاد سے زیادہ مضبوط اور سمندر سے زیادہ گہری ہے۔ چین نے پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں تعاون فراہم کر کے دوستی کا حق ادا کیا ہے۔ بلاشبہ دوستی کے یہ مضبوط رشتے سودمند معاشی تعلقات میں بدل چکے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستان کو ہر شعبہ میں ترقی دینے کے لئے کوشاں ہیں۔ توانائی، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں پاکستان اور چین میں وسیع تر تعاون کی گنجائش موجود ہے۔ پاکستان کے عوام کو چین کی دوستی پر ناز ہے جو آزمائش کے ہر معیارپر ہمیشہ پوری اتری ہے اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کا تعاون ہمارے لیے قابل فخر ہے۔  چین نے محنت اور جدوجہد کے ذریعے ترقی کی منازل طے کی ہیں اورچین دنیا کی ایک بہت بڑی معاشی قوت بن چکاہے۔ اقوام عالم کیلئے چین کی تیزرفتار ترقی ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔  انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور سے معاشی، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور دونوں ملکو ںکے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی و معاشی تعلقات کے استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے ،جس سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کاآغاز ہوگا۔ چین کے سفیر سن ویڈانگ نے کہا کہ پاک چین معاشی و اقتصادی تعاون میں اضافہ ہورہا ہے اور چین پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم دیکھنے کا خواہشمند ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبے میں متعدد ترقیاتی منصوبے برق رفتاری سے مکمل کیے ہیں جن کے ثمرات سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ مزید برآں شہباز شریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا اور ہارس اینڈ کیٹل شوکے ذریعے پاکستان کی قومی ثقافت کے دلفریب رنگ خوبصورت انداز میں اجاگر کئے گئے- قومی میلہ اسپاں و مویشیاں کے ذریعے قومی یکجہتی اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیا گیا۔ بلاشبہ آج معاشرے میں یکجہتی، بھائی چارے اور اخوت کی فضا کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے- آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان نے دن رات محنت کر کے شو کو کامیاب بنایا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں- شہباز شریف نے یہ بات ہارس اینڈ کیٹل شو کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان کے اعزاز میں ماڈل ٹائون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شہباز شریف نے آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان کوہارس اینڈ کیٹل شوکے دوران شاندار انتظامات کرنے پر شاباش دیتے ہوئے کہاکہ ہارس اینڈ کیٹل شو کے کامیاب انعقاد کے ذریعے حکومت پنجاب نے عوام کو بہترین تفریح فراہم کی- ہارس اینڈ کیٹل شو میں عوام نے بھی غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا- قومی میلہ اسپاں ومویشیاں میں عوام کی بھرپور شمولیت لائق تحسین ہے- میلے کے ذریعے نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی ثقافت کے تمام رنگ نظر آئے- انتہاپسندی کے رجحانات کے خاتمے کیلئے ایسی صحت مندانہ اور مثبت سرگرمیوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف  سے گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کو کچلنے کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، وہ پاکستان اور پاکستانیوں کے دشمن ہیں اور ملک کا امن و سکون تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ دہشت گرد اپنی قبیح حرکتوں کے ذریعے قوم کو تقسیم کرنے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں لیکن پاکستان میں بسنے والے تمام مسلمان، مسیحی اور دیگر اقلیتیں ملک کی بقا اور استحکام کیلئے متحد ہیں اور  18 کروڑ عوام کے اتحاد کی قوت سے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اتحاد اور اتفاق کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ہمیں اتحاد، درگزر اور بھائی چارے کی قوت سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔  علاوہ ازیں شہباز شریف نے پشاور کے علاقے یکہ توت میں مسلم لیگ (ن) پشاور کے ضلعی رہنما حاجی سردار خان محمد کے قتل کی مذمت کی ہے۔