وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں بھی کوئی ریکارڈ پیش نہیں کیا، حکمران صرف وقت لینے کی کوشش کررہے ہیں: خورشید شاہ
اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی قومی اسمبلی کے فلور پر کی گئی تقریر کا ریکارڈ فراہم کیا جائے، خط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے سولہ مئی کو اسمبلی کے فلور پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس تمام دستاویزات ، دبئی اور جدہ کی تمام فیکٹریوں کا ریکارڈ موجود ہے، وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں بھی کوئی ریکارڈ پیش نہیں کیا، وزیراعظم نے بدعنوان لوگوں کا محاسبہ کرنے کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی بھی پیشکش کی تھی. خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جو دستاویزات سامنے لائی گئیں وہ پہلے ہی جے آئی ٹی میں پیش کی جاچکی ہیں، حکمران صرف وقت لینے کی کوشش کررہے ہیں، شریف خاندان کورٹ میں جواب دینے سے قاصر ہے، نوازشریف کے پاس مطلوبہ دستاویزات نہیں ہیں .خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ظفر حجازی پر ایف آئی اے اور نیب نے ٹمپرنگ ثابت کی ہے، جس کے کہنے پر ٹمپرنگ کی گئی اس کو کچھ نہیں کہا گیا، سپریم کورٹ کو جواب دینے کی بجائے حملے کئے جارہے ہیں،حکمران صرف وقت لینے کی کوشش کررہے ہیں۔