اقامہ کے سزایافتہ محبتیں سمیٹ رہے ہیں اور پاناما پاناما کہنے والے خالی کرسیوں کے سامنے رو رہے ہیں: مریم نواز
ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ سازشیوں نے جب پہلا حملہ کیا تھا تو ہری پور والوں نے ہی انہیں مزا چکھایا تھا۔ ہر الیکشن میں عوام نے نوازشریف کو زیادہ ووٹ دیے، عوام کی محبت نوازشریف کی برسوں کی کمائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسی نااہلی ہے کہ اقامہ کے سزایافتہ تو محبتیں سمیٹ رہے ہیں اور پاناما پاناما کہنے والے خالی کرسیوں کے سامنے رو رہے ہیں۔ دودن پہلے دیکھا کہ سازشیوں کی پوری ٹیم عوام سے شکست کھا گئی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ نوازشریف کے مخالفین کا نام لو تو دھاندلی کا رونا دھونا یاد آتا ہے۔ مخالفین نہ تو نوازشریف سے استعفیٰ لے سکے اور نہ ہی قبل ازوقت انتخابات کراسکے۔ 2018 میں دھاندلی کا رونا مت رونا کیونکہ خالی کرسیاں ووٹ نہیں دیتیں۔ کنٹینر پر چڑھنے والوں کی شکلوں پر 2018 کا فیصلہ واضح تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام مسلم لیگ نون کو پھرسے کامیابی دلائیں گے کیونکہ جب نوازشریف بجلی گھر بنارہے تھے تو عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر گالیاں دے رہے تھے۔ اگر انہوں نے چارسال میں کوئی کام کیا ہوتا تو امپائر کی انگلی کا سہارا نہ لینا پڑتا۔ انہوں نے ناکامی کا بدلہ پارلیمنٹ کوگالی دے کرلیا۔