بلوچستان کو ہمیشہ محروم رکھا گیا جب کہ سی پیک پیپلزپارٹی نے شروع کیا اور نون لیگ نے اس پر قبضہ کرلیا: بلاول بھٹوزرداری
حب میں پیپلزپارٹی کےجلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک آمر نے بلوچستان میں نفرت کی آگ لگائی جسے ٹھنڈا کرنے کیلئےآصف زرداری نے بلوچوں سے معافی مانگی ،وہ بلوچ عوام کےزخموں سے واقف تھے، اس لیے 2008 میں نواب اکبر خان بگٹی کی موت کے بعد پیپلزپارٹی نے بلوچستان کے ماتھے سے خون صاف کیا اور نفرت کی آگ کو ٹھنڈا کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بی بی شہید نے وعدہ کیا تھا کہ وہ بلوچستان میں آپریشن بند کرائیں گی اور مساوی حقوق دلائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پیپلزپارٹی نے شروع کیا اور نون لیگ نے اس پر قبضہ کرلیا، سی پیک کے منصوبوں پر ایوان صدر میں آصف زرداری اور چینی صدر کی موجودگی میں دستخط ہوئے تھے،سی پیک کے مغربی روٹ کو نظرانداز کرکے بلوچستان کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس نے نہتے شہریوں پر گولیاں برسائیں۔