مائننگ سیکٹر مشرف دور میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی :شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ معدنیات کی تنظیم نو اور پائیدار بنیادوں پر مائننگ سیکٹر کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ای وائی کنسورشیم کے کرسچن میون کی قیادت میں فرانس، کینیڈا، مشرق وسطی اور جنوبی افریقہ کے مائننگ سیکٹر کے ماہرین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ محکمہ معدنیات کی تشکیل نو اور مائننگ سیکٹر کی بہتری کے حوالے سے مختلف سفارشات اور تجاویز پر غور و خوض کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا پنجاب معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور معدنی وسائل کو بروئے کار لا کر قومی معیشت کو مضبوط اور پاکستان کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں ان معدنی وسائل سے استفادہ نہیں کیا جا سکا۔ محکمے کی تنظیم نو اور مائننگ سیکٹر کی بہتری کیلئے آئندہ چار ہفتوں میں مربوط پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے۔ بدقسمتی سے ڈکٹیٹر مشرف کے دور میں مائننگ سیکٹر میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی اور مائننگ کا ٹھیکہ قواعد و ضوابط سے ہٹ کر ایک ایسے شخص کو دیاگیا جو اس کی مہارت بھی نہیں رکھتا تھا۔ پنجاب حکومت نے اس حوالے سے تین سال تک عدالت میں کیس لڑا اور عدالت نے فیصلہ پنجاب حکومت کے حق میں دیا۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کہا کہ تعلیم ترقی، خوشحالی اور کامیابی کی کنجی ہے۔ انتہاپسندی، غربت اور بیروزگاری جیسے مسائل کا حل بھی فروغ تعلیم میں مضمر ہے۔ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور گزشتہ ساڑھے 8 سال میں تعلیم کی روشنی عام کرنے کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں بلکہ سودمند سرمایہ کاری ہے اور اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت نے پہلے بھی دل کھول کر وسائل فراہم کیے ہیں اورآئندہ بھی جتنے وسائل درکارہوںگے مہیا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے انڈومنٹ فنڈ کیلئے 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں اور آپ سے قوم کو بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ تعلیم کے فروغ میں مصروف عمل ادارے اور افراد معاشی ترقی و خوشحالی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور اس نیک مقصد کیلئے ان کی کاوشیں لائق ستائش ہیں۔ پنجاب حکومت نے گزشتہ برس ایجویشن انڈومنٹ فنڈ میں چار ارب روپے کی خطیر رقم فراہم کی،اگر یہ فنڈ 1947ء سے قائم کیا جاتا تو آج کروڑوں بچے و بچیاں اس اربوں روپے کے فنڈ سے تعلیم حاصل کرچکے ہوتے لیکن اب بھی وقت ہمارے ہاتھ میں ہے۔ ماضی میں تعلیم کے نام پر زبانی جمع خرچ کیاگیا جس سے تعلیمی نظام گراوٹ کا شکار ہوا۔ گزشتہ 70 برس میں اس وطن عزیز کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے وہ سب کے سامنے ہے لیکن اب ہمیں ماضی کی غلطیوں پر رونے دھونے کی بجائے محنت، امانت اور دیانت کو شعار بنا کر آگے بڑھنا ہے اور پاکستان معاشی طورپر ٹیک آف کررہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میںبھی بے مثال کامیابیاں ملی ہیں اور آج پاکستان اس مقام پر کھڑا ہے جس کا راستہ ترقی اور خوشحالی کی جانب جاتا ہے۔ پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے اور ہم سب ملکر پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ کریںگے اور ملک کو عظیم بنائیں گے۔ محمد شہبازشریف نے اجلاس میں صوبے کے عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی اور جعلی و غیر معیاری ادویات کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں جس کے تحت ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور کے تمام پرانے عملے کو فارغ کر دیا گیا ہے اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کو دنیا کی بہترین لیبارٹری بنانے کیلئے تمام نیا عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ -ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور میں نئے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفیق الرحمن کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلی کہا کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور میں سابقہ عملے کی ملی بھگت سے ادویات کے نمونوں کی مرضی سے رپورٹیں تیار ہوتی تھیںاور ہم نے ماضی کا یہ گلا سڑااور کرپشن زدہ نظام دفن کر دیا ہے اور پنجاب میں ایسے تمام بوسیدہ اور گلے سڑے نظام کو بدلیں گے۔ شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام صرف اپنے مسائل کا حل اور ملک کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں- مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی بے لوث خدمت پریقین رکھتی ہے اور باشعور عوام سیاسی تماشا لگانے والوں کی منفی سیاست سے لا تعلق ہو چکے ہیں۔