رینجرز اختیارات میں 90 روز توسیع وفاقی حکومت نے وزیراعلی سندھ کی سمری پر نوٹیفکیشن جاری کردیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن+ صباح نیوز) وفاقی حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں 90 روز کی توسیع کر دی۔ وفاقی وزارت داخلہ نے توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اختیارات میں توسیع انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت کی گئی۔ توسیع کا اطلاق 16 جنوری سے 3 ماہ کیلئے ہو گا۔ قبل ازیں آن لائن/ صباح نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چار دن کی سوچ بچار کے بعد آخر کار رینجرز کے اختیارات میں 90دن کے اضافے کی سمری پر دستخط کر دیئے۔ سمری وفاق کو بھجوا دی جبکہ محکمہ داخلہ نے بھی اس حوالے سے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔ واضح رہے 15جنوری کو رینجرز کے اختیارات کی مدت ختم ہو گئی تھی اور اختیارات میں مزید اضافے کی سمری پر دستخط نہ ہونے کی وجہ سے عوام میں تشویش پائی جاتی تھی۔ سمری کے مطابق رینجرز کو کراچی میں نوے دن کے لیئے خصوصی اختیارات حاصل ہوں گے۔