انتخابات میں ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے‘ عوام گیارہ مئی کو گھروں سے نکلیں: شہباز شریف

انتخابات میں ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے‘ عوام گیارہ مئی کو گھروں سے نکلیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ تین دیہاتی حلقوں سے الیکشن لڑ رہا ہوں، دیہات میں صاف پانی بھی دیں گے اور سیوریج سسٹم کا نظام بہتر کریں گے۔ دیہاتی حلقوں سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ خود کیا تاکہ اپنے دیہاتی بھائیوں کی زندگی کو قریب سے دیکھ سکوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 129 کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر رانا مبشر اقبال، اختر بادشاہ، طلحہ برکی، ملک افضل کھوکھر، ملک سیف الملوک و دیگر بھی ان کے ساتھ تھے۔ انہوں نے کہا کہ زربابا اور چالیس چوروں نے ملک کو کرپشن میں ڈبو دیا ہے۔ 11 مئی کو اس کرپٹ مافیا کو اس کے انجام سے دوچار کرنا ہے۔ میٹرو بس پر تنقید کرنے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں کوئی مائی کا لعل ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔ اللہ تعالی نے موقع دیا تو نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو ووٹ ڈالنے کے لئے گھروں سے نکلیں کیونکہ انتخابات میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے۔ سابق وزیراعلی شہباز شریف نے گزشتہ روز لاہور کے نواحی دیہات میں اپنے حلقہ¿ انتخاب کا دورہ کیا۔ انہوں نے تقریباً ساٹھ کلو میٹر کا سفر پانچ گھنٹے میں طے کیا۔ جلسوں سے خطاب کے علاوہ انہوں نے 20سے زائد مقامات پر انتخابی دفاتر کا افتتاح بھی کیا۔ محمد شہباز شریف دورے کے دوران اینٹوں کے بھٹے پر بھی گئے جہاں انہوں نے بھٹہ مزدوروں کے ساتھ بیٹھ کر لسی پی اور ان کے مسائل پر گفتگو کی۔     شہباز شریف ان گلیوں میں بھی عوام سے ملنے پہنچے جہاں گاڑی نہیں جا سکتی۔ انہوں نے کافی پیدل سفر بھی کیا۔ وطنے گاﺅں میں ایک بچے نے شہباز شریف سے کہا کہ ان کے گاﺅں میں بھی میٹرو بس چلائی جائے جس پر سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹرو بس صرف شہروں میں چل سکتی ہے البتہ وہ وعدہ کرتے ہیں کہ ان کے گاﺅں میں پختہ سڑک بنوا دیں گے۔