پاکستان‘ چین تعاون خطے میں امن اور سلامتی کیلئے ناگزیر ہے : نوازشریف

 پاکستان‘ چین تعاون خطے میں امن اور سلامتی کیلئے ناگزیر ہے : نوازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے چین کی پاکستان کے لئے دہائیوں پر محیط حمایت کی تعریف کرتے ہوئے تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ محمد نواز شریف نے یہ بات چینی کیمونسٹ پارٹی کے مسٹر لی چینگ چن کی قیادت میں وفد کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پرگفتگو میں کہی۔ نواز شریف نے چین کو دیرینہ اور بااعتماد دوست قرار دیتے ہوئے پاکستانی عوام کےلئے اس کی ایک سے زیادہ مواقع پر امداد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ باہمی تعاون دونوں ممالک کے مفاد کےلئے ضروری ہونے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن اور سلامتی کے لئے بھی ناگزیر ہے۔ چین کے دوروں کا تذکرہ کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا انہیں پاکستان اور چین کے تعلقات کی بہتری اور مضبوطی میں اہم کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔ اپنے اعزاز میں ظہرانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چینی وفد کے لیڈر نے کہا کہ چین نواز شریف کو ایک قریبی اور مخلص دوست تصور کرتا ہے جنہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کیا ہے اسی وجہ سے نواز شریف کی چین میں عزت اور تعریف کی جاتی ہے۔ انہوں نے نواز شریف کو یقین دلایا کہ چین ہمیشہ پاکستان کا مضبوط دوست رہے گا۔ علاوہ ازیں چینی وفد نے لاہور میں بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ کا دورہ کیا، وفد کو عمارتوں کی تاریخ و پس منظر کے بارے میں بتایا گیا۔