کتا پالنے سے دل کی بیماریوں اور موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے: طبی ماہرین
لندن (بی بی سی) سویڈن میں ایک تحقیق کے مطابق کتے پالنے والے افراد کو دل کی بیماریوں یا دوسری وجوہات سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ تحقیقی ٹیم نے 40 سے 80 سال کے درمیان کی عمر کے افراد کو رجسٹرڈ شہریوں کی فہرست سے منتخب کیا اور پھر ان کا موازنہ ان لوگوں سے کیا جنھوں نے کتے پال رکھے تھے۔ تحقیق کے مطابق کتے رکھنے والوں اور بطور خاص شکاری نسل کے کتے رکھنے والوں کو دل کی بیماریوں کا خطرہ کم تھا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کتے رکھنے سے جسمانی سرگرمیوں میں اضافہ ہو جاتا ہے اور شاید فعال افراد ہی کتا رکھنا پسند کرتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کتے پالنے سے دل کی بیماریوں کا خطرہ اس لئے بھی کم ہوتا ہے کہ اس سے انسانوں کے سماجی رابطے اور خوشی میں اضافہ ہوتا ہے یا مالکان کے اندر کے بیکٹریا کا مائیکرو بایوم تبدیل ہو جاتا ہے۔ مائیکرو بایوم انتہائی چھوٹے بیکٹریا کا ہجوم ہے جو معدے میں رہتا ہے۔