لندن، جنونی شخص نے وین نمازیوں پر چڑھادی، 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی، برطانوی وزیر اعظم نے خوفناک واقعہ قرار دیدیا

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
لندن، جنونی شخص نے وین نمازیوں پر چڑھادی،   2 افراد جاں بحق،  10 زخمی، برطانوی وزیر اعظم نے خوفناک واقعہ قرار دیدیا

 برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں شہریوں پر وین چڑھانے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، جہاں فینز بری پارک کے قریب ایک جنونی حملہ آور نے تراویح پڑھ کر مسجد سے نکلنے والے نمازیوں کو روند ڈالا، جس کے نتیجے 2افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جائے وقوع پر موجود وین کے 48 سالہ ڈرائیور کو لوگوں نے پکڑ لیا، جسے بعدازاں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اپنے بیان میں کہاکہ واقعے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرے نے ہسپتال کے راستے میں دم توڑ دیا، واقعہ میں 10 افراد زخمی ہوئے، جنھیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب ڈرائیور کو بھی ہسپتال لے جایا گیا ہے، جہاں اس کی ذہنی حالت کی جانچ کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق انھیں واقعے کی اطلاع رات ساڑھے 12 کے قریب ملی، جس کے بعد علاقے کو سیل کر دیا گیا۔ مسلم کونسل برطانیہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہمیں اطلاع ملی کے فنزبری پارک مسجد سے نکلنے والے نمازیوں پر ایک حملہ آور نے وین چڑھا دی، ہماری دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ ایم سی بی کے سربراہ ہارون خان کا کہنا تھا کہ وین نمازیوں پر جان بوجھ کر چڑھائی گئی، جو ماہ رمضان میں تراویح پڑھ کر مسجد سے نکل رہے تھے۔ ایک عینی شاہد عبدی قادر نے بتایا کہ حملہ آور نے چند لوگوں کو روند ڈالا، جبکہ کچھ لوگوں کو وہ سڑک پر چند کلو میٹر تک گھسیٹتے ہوئے لے گیا'۔ ایک 41 سالہ عینی شاہد ڈیوڈ روبنسن کے مطابق ہم نے بہت سے لوگوں کو چلاتے ہوئے دیکھا اور بہت سے لوگ زخمی تھے۔ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے فنزبری پارک مسجد کے قریب پیش آنے والے سانحے کو 'خوفناک واقعہ' قرار دیا۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی دعائیں اور نیک تمنائیں متاثرین اور جائے وقوع پر موجود ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کے ساتھ ہیں۔ رواں برس لندن میں دہشت گردی کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔22 مارچ کو برطانوی پارلیمنٹ کے باہر اور اطراف میں بیک وقت دہشت گردی کے متعدد حملوں میں حملہ آور سمیت 5 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوگئے تھے۔22 مئی کو برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع برٹش ایرینا میں ایک خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں 22 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ بعدازاں رواں ماہ جون کے آغاز میں بھی عسکریت پسندوں نے لندن بریج پر پیدل چلنے ولے مسافروں پر تیز رفتار وین چڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔